کانپور انکاؤنٹر: ریٹائرڈ جسٹس ششی کانت نے بکرو گاؤں پہنچ کر موقع واردات کا لیا جائزہ

ششی کانت اگروال نے دنیش دوبے کے بیٹے منوج دوبے سمیت 6 افراد کی شکایتوں کو سنا اور مقامی افراد سے گفت وشنید کیا۔ تقریبا ایک گھنٹے تک گاؤں میں رہنے کے بعد وہ 1:30 بجے وہاں سے روانہ ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کانپور: اترپردیش کے ضلع کانپور میں 8 پولس اہلکار کے بہیمانہ قتل کی واردات کی حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے تشکیل شدہ سنگل ممبر انکوائری کمیٹی کے تحت ریٹائرڈ جسٹس ششی کانت اگروال پیر کو چوبے علاقے میں واقع بکرو گاؤں پہنچے اورموقع واردات کاجائزہ لیا۔

تقریبا ساڑھے بارہ بجے بکرو گاؤں پہنچے ریٹائرڈ جسٹس ششی کانت اگروال نے سب سے پہلے موقع واردات کا جائزہ لیا اور کلیدی ملزم وکاس دوبے کے گھر کے نزدیک ہی انہوں نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر برہم دیو تیواری اور ایس ایس پی دنیش کمار پی سے تقریبا 25منٹ تک واردات اور وکاس دوبے کا گھر گرائے جانے کے ضمن میں پوچھ گچھ کی۔ انہوں نے دنیش دوبے کے بیٹے منوج دوبے سمیت چھ افراد کی شکایتوں کو سنا اور مقامی افراد سے گفت وشنید کیا۔ تقریبا ایک گھنٹے تک گاؤں میں رہنے کے بعد وہ1:30بجے وہاں سے روانہ ہوگئے۔


قابل ذکر ہے کہ بکرو گاؤں میں ہسٹری شیٹر وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں نے دو تین جولائی کی رات دبش دینے گئی پولیس ٹیم پر بے تحا شہ فائرنگ کر دی تھی۔ اس حملے میں ایک سرکل افسر سمیت آٹھ پولس اہلکار شہید ہوگئے تھے جبکہ سات پولیس والے زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے کلیدی ملزم وکاس دوبے کو مدھیہ پردیش کے اجین سے گرفتار کیا گیا تھا لیکن کانپور لاتے وقت ایک مبینہ انکاونٹر میں پولیس کی گولی لگنے سے وکاس دوبے کی موت ہوگئ۔حکومت نے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کے لئے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے تو وہیں اس واردات کی جانچ ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ سنگل جانچ کمیشن کررہا ہے جس کا صدر دفتر کانپور کو بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔