آٹھ محرم الحرام کے پیش نظر سری نگر کے بعض علاقوں میں پابندیاں عائد
گرو بازار سے ڈلگیٹ تک نکالے جانے والے محرم کے جلوس کو روکنے کے لئے سیول لائنز کے ساتھ ساتھ پائین شہر کے بیشتر حصوں میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر کے شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا
سری نگر: جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں 8 محرم کے پیش نظر انتظامیہ نے اتوار کی صبح کئی علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر دیں۔ گرو بازار سے ڈلگیٹ تک نکالے جانے والے محرم کے جلوس کو روکنے کے لئے سیول لائنز کے ساتھ ساتھ پائین شہر کے بیشتر حصوں میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر کے شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آٹھ محرم الحرام کے پیش نظر انتظامیہ نے اتوار کے روز سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ کیا اور کسی کو بھی گرو بازار سے ڈلگیٹ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے اتوار کی صبح سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر سری نگر کے بیشتر علاقوں میں تمام تر بازار و تجارتی مراکز بند تھے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی جزوی نقل و حمل جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض علاقوں میں جزوی پابندیاں عائد تھیں جبکہ کہیں کہیں سڑکوں پر خاردار تار بچھی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ امن و قانون کی صورتحال پر کڑی نظر گذر رکھنے کے لئے حساس و اہم مقامات پر بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر کے بعض علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بھی منقطع کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔