تبادلہ سے ناراض مدراس چیف جسٹس تاہل رمانی کا استعفیٰ منظور
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے وجیا کملیش تاہل رمانی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ تاہل رمانی کی جگہ اب جسٹس ونیت کوٹھاری کو مدراس ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: صدر رام ناتھ كووند نے مدراس ہائی کورٹ کی چیف جسٹس وجیا کملیش تاہل رمانی کا استعفی منظور کر لیا ہے۔ تاہل رمانی نے اپنا تبادلہ میگھالیہ ہائی کورٹ میں کیے جانے سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا۔ وجیا کملیش تاہل رمانی نے سپریم کورٹ كلجيم کے اس فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی تھی، جس میں ان کا مدراس ہائی کورٹ سے میگھالیہ ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کر دیا گیا تھا۔
قانون اور انصاف کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری سدانند وسنت بہار داتے نے وجیا کملیش تاہل رمانی کے استعفی کو قبول کیے جانے کے سلسلہ میں جمعہ کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان کااستعفی چھ ستمبر سے ہی لاگو ہوگا،اسی دن انهوں نے اپنا استعفی سونپا تھا۔ وجیا کملیش تاہل رمانی کی جگہ جسٹس ونیت کوٹھاری کو مدراس ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔
قابل غور ہے کہ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی کی قیادت والے كلجيم نے وجیا کملیش تاہل رمانی کو میگھالیہ ہائی کورٹ میں منتقل کیے جانے کی سفارش کی تھی۔ انہیں گزشتہ سال8 اگست کو ہی مدراس ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا تھا۔ كلیجیم نے 28 اگست کو ان کو ٹرانسفر کرنے کی سفارش کی تھی، جس پر انہوں نے نظر ثانی کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے كلجيم کے فیصلہ کی مخالفت بھی کی تھی۔چیف جسٹس گگوئی کی صدارت والی كلجيم میں جسٹس ایس اے بوب ڈے، این وی رمنا، ارون مشرا اور آر ایف نریمن بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ میگھالیہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اے کے متل کا مدراس ہائی کورٹ میں اور اس کے ساتھ ہی وجیا کملیش تاہل رمانی کا تبادلہ میگھالیہ کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Sep 2019, 2:10 PM