خاتون صحافی نے رپبلک ٹی وی کو آئینہ دکھایا
رپبلک ٹی وی کی صحافی رہ چکی سمن نندی نے کہا کہ مجھے اس برے ادارے کے ساتھ کام کرنے پر افسوس ہے۔
نئی دہلی : بنگلورو کی سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کی کوریج کے تعلق سے رپبلک ٹی وی میں کام کر چکی ایک خاتون صحافی سمن نندی نے انرب گوسوامی اور ان کے چینل پر حملہ بولا ہے۔ اس خاتون صحافی نے فیس بک پر پوسٹ لکھ کر چینل کے تئیں اپنے غصہ کا اظہار کیا ہے۔ سمن نندی کی یہ فیس بک پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپبلک ٹی وی کی سابق ملازم سمن نندی نے فیس بک پر لکھا ہے کہ انہیں ہمیشہ ان اداروں پر فخر محسوس ہوتا ہے جن کے ساتھ وہ کام کر چکی ہیں، لیکن آج وہ شرمندہ ہیں۔ سمن نے لکھا’’میں شرمندہ ہوں کہ ایک ’آزاد ‘خبر رساں ادارہ اب ایک بری حکومت کے لئے بلے بازی کر رہا ہے اور ایسا کھلے طور پر ہو رہا ہے۔‘‘ سمن نے یہ بھی لکھا کہ بی جے پی، آر ایس ایس کارکنوں کی دھمکی ملنے کے بعد ایک صحافی کو مار دیا گیا اور قاتلوں سے سوال کرنے کی بجائے آپ حزب اختلاف سے سوال کر رہے ہیں؟ صداقت کہاں ہے؟ ہم کہاں جا رہے ہیں؟ کچھ صحافی بھی قتل پر جشن منا رہے ہیں‘۔ سمن نے مزید لکھا ہے ’’مجھے ایسے برے ادارے کو اپنا تعاون دینے پر آج افسوس ہو رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Sep 2017, 11:01 AM