یومِ جمہوریہ: 26 جنوری کو پریڈ کب شروع ہوئی اور جھانکیوں کی تاریخ کیا ہے؟

ہر سال یوم جمہوریہ پر راشٹرپتی بھون سے لال قلعہ تک ایک عظیم الشان پریڈ نکالی جاتی ہے لیکن یہ ہمیشہ یہاں نہیں نکالی جاتی تھی اور اس کی تاریخ دلچسپ ہے

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: 26 جنوری کا نام سنتے ہی ہر ہندوستانی کے ذہن میں سب سے پہلے دو باتیں آتی ہیں۔ پہلی ہندوستان کا آئین اور دوسری یوم جمہوریہ پر راجدھانی دہلی میں منعقد ہونے والی عظیم الشان پریڈ۔ 1950 میں 26 جنوری کی تاریخ کو ہی ہندوستان کا آئین نافذ ہوا یعنی 74 سال پہلے پہلی بار ہر ہندوستانی کے لیے اپنی مرضی کی قانون سازی کا دن تھا۔ آئین ملک کے ہر شہری کے لیے مستند ترین دستاویز بن گیا اور اس میں موجود ہر چیز ملک کا وقار بن گئی۔

آئین کے نفاذ کے ساتھ ہی ہندوستان ایک خودمختار ملک بن گیا۔ ہر ایک چیز اپنی تھی، ملک کے جغرافیے سے لے کر سیاست تک سب کچھ اپنے شہریوں کے لیے کیا گیا۔ اس خودمختاری کی حفاظت عظیم ہندوستانی فوج کرتی ہے، جس کے بہادر جوان مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہر سال 26 جنوری کو راجدھانی میں ایک عظیم الشان پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں فوج کے دستے، اپنی تاریخ اور فخر کو یاد دلاتے ہوئے اپنے سپریم کمانڈر، ہندوستان کے صدر کو سلام پیش کرتے ہیں۔


راشٹرپتی بھون سے شروع ہو کر یہ پریڈ لال قلعہ پر ختم ہوتی ہے۔ اکثر لوگ سوچتے ہیں کہ شاید پہلے یوم جمہوریہ سے ہی اس کا اہتمام کیا جا رہا ہے لیکن ایسا نہیں ہے، یوم جمہوریہ پر پریڈ کا پہلی بار 1955 میں اہتمام کیا گیا تھا۔ 26 جنوری 2023 کو یہ پریڈ کرتیہ پتھ پر ہو رہی ہے لیکن پہلے اس کا نام راج پتھ (کنگز وے) ہوا کرتا تھا۔ 1955 سے اب تک اس مستقل پریڈ کی جگہ چار بار تبدیل کی جا چکی ہے۔

1955 سے پہلے یوم جمہوریہ کی پریڈ دہلی میں مختلف مقامات پر ہوتی تھی۔ اس کا اہتمام پہلے یوم جمہوریہ پر دہلی کے ایرون اسٹیڈیم میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد صدر جمہوریہ نے کبھی رام لیلا میدان، کبھی لال قلعہ اور کبھی کنگز وے کیمپ میں پریڈ کی سلامی لی۔

سال 1955 میں پہلی بار 26 جنوری کو راج پتھ پر پریڈ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تب سے اس پریڈ کو یہاں کے لئے مستقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ سلامی کا پلیٹ فارم بھی مستقل بنایا گیا جہاں ملکی فوج اپنے سپریم کمانڈر کو سلامی پیش کرتی ہے۔


راج پتھ پر فوج کے دستوں کا مارچ جہاں ملک کی اپنی فوجی طاقت کے خوف کا احساس دلاتا ہے وہیں اس پریڈ میں ملک اور دنیا کے سامنے ملک کی ثقافتی جھلک بھی نظر آتی ہے۔ ملک بھر کی مختلف ریاستوں کے ٹیبلو بھی پریڈ میں جگہ پاتے ہیں، جس میں ثقافت کا سایہ نظر آتا ہے۔ مختلف ریاستوں کی جھانکیاں دلکش ہوتی ہیں۔

سال 1953 میں پہلی بار 26 جنوری کو ثقافتی لوک رقص کی جھانکی دیکھی گئی جس میں مختلف ریاستوں کے قبائلی رقص شامل تھے۔ ثقافتی جھانکیاں ملک میں تنوع میں اتحاد کی مثال پیش کرتی ہیں۔ ساتھ ہی اس موقع پر ملک کے ہر رنگ کو اس میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔