گجرات ہائی کورٹ نے جے شاہ معاملے کی رپورٹنگ پر پھر پابندی عائد کی

آج عدالت نے جے شاہ کے حق میں اپنا فیصلہ صادر کیا ، جس سے یہ طے ہو گیا ہے کہ ایک بار پھر ’دی وائر‘ جے شاہ کی ملکیت سے متعلق معاملوں کی رپورٹنگ نہیں کر سکے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گجرات ہائی کورٹ نے نیوز ویب سائٹ ’دی وائر‘ پر بی جے پی سربراہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی ملکیت میں ہوئے حیرت انگیز اضافے سے متعلق رپورٹ شائع کرنے پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی ہے۔ ’دی وائر‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد ایک سال کے اندر جے شاہ کی کمپنی کے لین دین میں 16 ہزار گنا اضافہ ہوا تھا۔ اس کے بعد جے شاہ نے عدالت سے اس رپورٹ پر یکطرفہ پابندی کا حکم لے لیا تھا جسے ’دی وائر‘ نے احمد آباد ضلع عدالت میں چیلنج پیش کیا تھا۔ احمد آباد ضلع عدالت نے اپنے حکم میں پابندی ہٹاتے ہوئے ’دی وائر‘ کو کہا تھا کہ وہ بغیر وزیر اعظم مودی کا تذکرہ کیے جے شاہ معاملے کی رپورٹنگ کر سکتا ہے۔

دسمبر 2017 میں جے شاہ ضلع عدالت کے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ چلے گئے اور 20 جنوری کو ہائی کورٹ نے اس معاملے پر ایک فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ آج عدالت نے جے شاہ کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا جس کا مطلب یہ ہوا کہ ایک بار پھر ’دی وائر‘ جے شاہ کی ملکیت سے جڑے معاملوں پر رپورٹ نہیں کر سکتا ہے۔ فیصلہ آنے کے بعد ’دی وائر‘ کے بانی مدیر سدھارتھ وردراجن نے کہا کہ یہ فیصلہ کئی دہائیوں کی عدالتی روایت کے خلاف ہے اور میڈیا کی آزادی پر اثر ڈالنے والے اس فیصلے کو وہ سپریم کورٹ میں چیلنج پیش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔