پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ معروف سماجی کارکن ایلا بھٹ کا انتقال

گاندھیائی سماجی کارکن بدھ کو گجرات کے احمد آباد کے ایک اسپتال میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ انہوں نے 1972 میں ’سیوا سنستھان‘ کی بنیاد رکھی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سیلف ایمپلائڈ ویمن ایسوسی ایشن (سیوا) کی بانی اور خواتین کے حقوق کی نامور کارکن پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ایلا بھٹ کا انتقال ہو گیا۔ وہ 89 برس کی تھیں۔ گاندھیائی کارکن بدھ کے روز گجرات کے احمد آباد کے ایک اسپتال میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ ایلا بھٹ کو سال 2011 کے گاندھی امن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔

سال 1933 میں پیدا ہونے والی ایلا بھٹ نے اپنے آبائی شہر سورت کے پبلک گرلز ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے ایم ٹی بی آرٹس کالج سے گریجویشن کیا۔ ایک قابل وکیل ہونے کے علاوہ انہوں نے سابرمتی آشرم پریزرویشن اینڈ میموریل ٹرسٹ (ایس اے پی ایم ٹی) کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔


ایلا نے 1956 میں رمیش بھٹ سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جن کے نام امیمئی اور مہیر ہییں۔ ان کا پورا خاندان احمد آباد میں رہائش پذیر ہے۔ ایلا بھٹ کے انتقال پر سیاسی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، جے رام رمیش جیسے کئی لیڈروں نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے ایک سال بعد بھٹ نے 1955 میں ٹیکسٹائل لیبر ایسوسی ایشن (ٹی ایل اے) نامی ٹیکسٹائل ورکرز کی سب سے قدیم یونین کے قانونی شعبے میں شمولیت اختیار کی۔ مزدور تنظیم کا قیام 1920 میں مہاتما گاندھی کی قیادت میں ٹیکسٹائل مزدوروں کی ہڑتال کے تناظر میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے 1972 میں ’سیوا سنستھان‘ کی بنیاد رکھی، جوکہ 1972 میں رجسٹرڈ خواتین کی سب سے بڑی کوآپریٹو سوسائٹیوں اور قومی ٹریڈ یونینوں میں سے ایک ہے۔


گاندھی جی سے متاثر ہو کر بھٹ نے سیوا انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد رکھی۔ انسٹی ٹیوٹ نے خواتین کو چھوٹے قرضے فراہم کرنے کے لیے 1974 میں ایک کوآپریٹو بینک قائم کیا۔ ایلا بھٹ خواتین کی عالمی بینکنگ (ڈبلیو ڈبلیو بی) کی بھی شریک بانی تھیں ، جو مائیکرو فنانس تنظیموں کا ایک عالمی نیٹ ورک ہے جس کی وہ 1984-1988 تک صدر رہیں ۔ سماجی کارکن کو راجیہ سبھا کا رکن بنایا گیا جہاں انہوں نے 1989 تک خدمات انجام دیں۔ وہ ورلڈ بینک جیسی تنظیموں کی مشیر بھی رہ چکی تھیں اور 2007 میں ’ایلڈرز‘ میں شامل ہوئیں۔ ایلڈرز، عالمی رہنماؤں کا ایک گروپ ہے جس کی بنیاد نیلسن منڈیلا نے انسانی حقوق اور امن کو فروغ دینے کے لیے رکھی تھی۔ حال ہی میں انہوں نے مہاتما گاندھی کی قائم کردہ یونیورسٹی ’گجرات ودیا پیٹھ‘ کے وائس چانسلر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔