'پیاز کے آنسو' بہا رہے صارفین کو راحت، سبسیڈی پر پیاز فروختگی کا اثر بازار میں دکھائی دینے لگا
دہلی میں پیاز کی خودرہ قیمت 60 روپے فی کیلو سے 55، ممبئی میں 61 روپے سے 56 اور چنئی میں 65 روپے سے کم ہوکر 58 ہوگئی ہے۔
مہنگے پیاز سے پریشان عام لوگوں کے لیے خوشخبری ہے۔ حکومت کے ذریعہ دخل دینے اور اس مہینے سے سبسیڈی پر پیاز فروخت کرنے کا اثر اب بازار میں دکھ رہا ہے جو صارفین کے لیے راحت کی بات ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ملک کے اہم شہروں میں پیاز کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں تھیں جس پر اب نکیل لگی ہے۔
'پی ٹی آئی' کی ایک رپورٹ کے مطابق صارفین امور کی وزارت کے حوالے سے ہفتہ کو بتایا گیا کہ دہلی، ممبئی اور چنئی جیسے اہم شہروں میں پیاز کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ دہلی میں پیاز کی خودرہ قیمت 60 روپے فی کیلو سے کم ہوکر اب 55 روپے فی کیلو ہوگئی ہے۔ وہیں ممبئی کی بات کی جائے تو یہاں یہ قیمت 61 روپے کیلو کی جگہ پر 56 روپے اور چنئی میں 65 روپے سے کم ہوکر 58 روپے فی کیلو پر آگئی ہے۔
حکومت کے ذریعہ رعایتی شرح پر شروع کی گئی پیاز کی فروختگی کے سبب ملک کے اہم شہروں کے خودرہ بازار میں پیاز کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ حکومت نے پیاز کی اونچی قیمتوں پر نکیل کسنے کے لیے 5 ستمبر سے اہم شہروں میں رعایتی قیمت پر پیاز کی فروختگی شروع کی ہے۔ اس کوشش کے تحت لوگوں کو 35 روپے فی کیلو کی رعایتی قیمت پر پیاز دستیاب کرائے جا رہے ہیں۔
خوراک تقسیم اور صارفین امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں دہلی این سی آر اور ممبئی کے لوگوں کو سستی قیمت پر پیاز دستیاب کرائے جا رہے ہیں اس کے بعد دوسرے مرحلے میں ریاستوں کی راجدھانیوں میں اس کی شروعات ہوگی جس میں کولکاتہ، گوہاٹی، حیدر آباد، چنئی، بنگلورو، احمد آباد، رائے پور جیسے شہر شامل ہیں۔ مہینے کے تیسرے ہفتہ میں تیسرے مرحلہ کی شروعات ہوگی جس میں ملک بھر میں سستی قیمت پر پیاز کی فروختگی کی جائے گی۔
قابل ذکر ہو کہ مہینے کی شروعات میں پیاز کی قیمت مختلف شہروں میں 80 روپے فی کیلو سے آگے نکل چکی تھی۔ جس سے عام لوگوں کے لیے رسوئی کا بجٹ سنبھالنا کافی مشکل ہو رہا تھا۔ ایسے میں حکومت نے لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے 5 ستمبر سے دہلی-این سی آر اور ممبئی میں سستی قیمت پر پیاز دستیاب کرانا شروع کردیا۔ بعد میں اس مہم کی توسیع ملک کے اہم شہروں تک ہوگئی۔ کو آپریٹیو ایجنسیوں این سی سی ایف اور نافیڈ کے توسط سے حکومت سبسیڈائز قیمت پر پیاز کی فروختگی کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔