کیرالہ میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ، آرینج ،یلو الرٹ جاری، چیف سکریٹری نے جاری کی ہدایت

ریاست میں اگلے 3 دن شدید بارش کی پیشن گوئی کے درمیان مختلف اضلاع میں ریڈ، آرینج اور یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، تمام ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے اپنے ضلعوں میں احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے

کیرالہ میں بارش کی پیشن گوئی
کیرالہ میں بارش کی پیشن گوئی
user

یو این آئی

تروواننت پورم: کیرالہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وی پی جوئے نے ریاست میں اگلے تین دن شدید بارش کی پیشن گوئی کے بعد یہاں کے مختلف ضلعوں میں ریڈ، آرینج اور یلو الرٹ جاری کئے جانے کے پیش نظر سبھی ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے اپنے ضلعوں میں احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔

چیف سکریٹری نے ہفتے کی شام کو بلائی گئی ایک ہنگامی میٹنگ میں کہا،’’ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالا جانا چاہئے۔ضرورت پڑے تو کیمپ بھی شروع کئے جاسکتے ہیں۔ان علاقوں میں کھانا اور پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات یقینی بنائی جانی چاہئے۔‘‘

ذرائع نے بتایا کہ تودے گرنے اور سیلاب کے خدشے والے علاقوں میں خصوصی الرٹ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ریاست میں کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ ایرناکلم اور ایڈوکی ضلعوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے،جبکہ یہاں کے کچھ پہاڑی علاقوں میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے،جہاں کچھ دنوں پہلے شدید بارش ہوئی تھی اور آگے بھی گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے۔تروونتپورم ،تریشور،ملپورم ،کوزیکوڈ اور وائناڈ میں آرینج الرٹ جاری کئے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ریاست کے کچھ دیگر ضلعوں میں یلو الرٹ جاری کیا ہے،لیکن نچلے ،ندی کے کنارے اور پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے کے خدشے کے پیش نظر انہیں ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔