نئے سال کے موقع پر دہلی میں ریکارڈ توڑ سردی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے ایک قدم دور
دہلی میں کڑاکے کی سردی پر ڑہی ہے اور نئے سال کے پہلے دن درجہ حرارت ایک ڈگری سیلسیس کے نزید پہنچ گیا، جوکہ 14 سال میں سب سے کم ہے
نئی دہلی: دنیا نے سال 2020 کو الوداع کہہ دیا ہے اور دنیا بھر میں لوگ اپنے اپنے انداز میں نئے سال 2021 کا استقبال کر رہے ہیں۔ نئے سال کے موقع پر قومی راجدھانی دہلی میں سردی بھی ستم ڈھا رہی ہے۔ کئی علاقوں میں نئے سال کے پہلے دن سردی نے ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ دہلی میں پارہ 1.1 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جوکہ 14 سالوں میں کم ترین ہے۔ دیر سے لے کر صبح تک ہی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں دھند چھائی رہی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق آئی ایم ڈی کے کلدیپ سریواستو نے بتایا کہ صفدر جنگ اور پالم میں صبح 6 بجے شدید دھند کی وجہ سے مرئیت صفر ہو گئی۔ گھنی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صفدر جنگ میں کم از کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
وہیں، دہلی کےک ہی ایک دیگر علاقہ پالم میں درجہ حرارت 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ 24 گھنٹے میں درجہ حرارت 4.2 ڈگری سیلسیس تک گر جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی نئے سال کے جشن پر شدید دھند اور کڑاکے کی سردی کی پیش گوئی کر دی تھی۔
محکمہ موسمیات نے دہلی میں 3 سے 5 جنوری کے درمیان بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے مغربی ہمالیائی خظہ میں برفباری کی بھی پیش گوئی ہے۔ محکمہ نے میدانی علاقوں میں سرد لہر کے چلنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
دہلی میں ایک روز قبل بھی کڑاکے کی سردی تھیی۔ 31 دسمبر کو درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 8 جنوری 2006 کو دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال کم از کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔