اہمیت نہیں ملنے سے مایوس آر سی پی سنگھ کا بی جے پی چھوڑنے کا اعلان، جے ڈی یو میں واپسی کے امکان کو کیا خارج

آر سی پی سنگھ نے ایک چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بی جے پی کی رکنیت رینیو نہیں کرائی ہے اور ہر کوئی ان کے ارادے کو سمجھ سکتا ہے۔ بہت جلد اپنی سیاسی پارٹی بناؤں گا۔

 آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

 سابق مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ نے ہفتہ کو بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی خود کی پارٹی بنانے والے ہیں۔ آر سی پی سنگھ نے مئی 2023 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ آر سی پی سنگھ نے 'آج تک' کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بی جے پی کی رکنیت رینیونہیں کرائی ہے اور ہر کوئی ان کے ارادے کو سمجھ سکتا ہے۔ بہت جلد اپنی سیاسی پارٹی بناؤں گا۔

جے ڈی یو کے سابق قومی صدر نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں بی جے پی میں کوئی اہم ذمہ داری نہیں دیے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "میں نے بی جے پی قیادت سے کہا تھا کہ چونکہ میرے پاس سیاسی تنظیم چلانے کا طویل تجربہ ہے اس لیے انہیں اس کا استعمال پارٹی کے فائدہ کے لیے کرنا چاہیے لیکن بی جے پی کا کام کرنے کا طریقہ الگ ہے اور میں اس کی ستائش کرتا ہوں"۔

ذرائع کے مطابق آر سی پی سنگھ کو نتیش کمار کے عظیم اتحاد میں شامل ہونے کے جواب میں بی جے پی میں شامل کیا گیا تھا لیکن جنوری 2024 میں جب نتیش این ڈی اے میں لوٹ آئے تب سے آر سی پی سنگھ نے خود کو پارٹی میں سیاسی طور سے الگ تھلگ پایا۔ انہیں پارٹی میں کوئی اہمیت نہیں مل رہی تھی جس کے سبب وہ کافی مایوس تھے۔


آر سی پی نے جے ڈی یو میں واپسی کے امکانات کو بھی خارج کر دیا ہے۔ واضح ہو کہ انہوں نے یہیں سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، وہ کبھی نتیش کے کافی قریبی مانے جاتے تھے لیکن جے ڈی یو کو تقسیم کرنے کی کوشش کے الزام میں انہیں 2022 میں پارٹی سے برخاست کر دیا گیا تھا۔

آر سی پی سنگھ نے کہا کہ چونکہ میری اپنی سیاسی طاقت ہے اس لیے جے ڈی یو میں واپسی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ میرے نتیش کمار کے ساتھ آج بھی اچھے رشتے ہیں، لیکن ہمارے درمیان دوبارہ میل جول کی کوئی کوشش نہیں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔