ممبئی: راج بھون کی مسجد میں نماز جمعہ کی اجازت دینے کا مطالبہ، سرکاری ذرائع کا مسجد کی موجودگی سے انکار!
رضا اکیڈمی نے راج بھون کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی مہاراشٹر کے گورنر سے اجازت مانگی ہے لیکن سوشل میڈیا پر ایک سرکاری ذرائع نے وہاں مسجد ہونے سے ہی انکار کر دیا ہے
ممبئی: حال میں مہاراشٹر میں مسجد ،مندرسمیت تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو عبادت کے لیے کھول دیا گیا ہے اور اس کے پیش نظر مشہور دینی تنظیم رضا اکیڈمی نے جنوبی ممبئی متمول علاقے میں واقع ریاستی گورنر کی سرکاری رہائش گاہ راج بھون کی مسجد کو بھی کھولنے کا مطالبہ کیا ہے، لیکن سرکاری ذرائع نے کسی مسجد کے ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ راج بھون سے وابستہ افسران اورملازمین کے رہائشی علاقے میں ایک قدیم خوبصورت مسجد کی تصویریں موجود ہیں اور 80 کے عشرے میں مذکورہ مسجد کے 65 سالہ امام اور خطاط قرآن مولانا حافظ غیاث الدین حیات ہیں جو کہ 30 دہائیوں تک روزنامہ انقلاب میں بحیثیت کاتب بھی وابستہ رہے ہیں اور فی الحال کاتب قرآن کے لقب سے مشہور ہیں۔ مرحوم صدر جمہوریہ عبد الکلام بھی ان کی ستائش کرتے تھے۔
مولانا غیاث الدین خان نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ 1977 میں ممبئی آمد کے بعد وہ مجاہد آزادی معین الدین حارث کے اجمل پریس سے وابستہ ہوگئے تھے اور اسی دوران راج بھون کے ڈاک خانہ کے انچارج محمد عمر کپاڈیہ مرحوم پریس کے سربراہ عبد الرحمن سے ملنے کی غرض سے آتے تھے اور اسی دوران انہوں نے راج بھون مدعو کیا اور غالبا 1979 سے مولانا غیاث الدین وہاں امامت کی غرض سے بلائے جانے لگے۔ پھر 1981 سے انہوں نے روزنامہ انقلاب میں ملازمت اختیار کرلی۔
ان کے مطابق 1982 میں ایئر چیف مارشل ادریس ایچ لطیف (سبکدوش ) مہاراشٹر کے گورنر تھے اور اکثر نماز جمعہ اور نماز عیدین کی ادائیگی کے لیے راج بھون کی مسجد میں تشریف لاتے تھے۔ جبکہ وزیر اعلی عبد الرحمن انتولے اور دیگر وزراء بھی آتے رہے لیکن مرحوم انتولے نماز عیدین انجمن اسلام میں ادا کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مسجد راج بھون کے رہائشی علاقے میں واقع تھی اور گورنر کے سکریٹری اور دیگر مسلم ملازمین نماز اداکرتے تھے۔ نماز جمعہ میں کافی لوگ آتے رہے ہیں جبکہ نماز عیدین کی امامت قریب میں واقع تین بتی کے خطیب و امام ادا کرتے تھے۔ محمد عمرکپاڈیہ، جو کہ پوسٹ ماسٹر تھے اور نل بازار کے حاجی صاحب مسجد کی دیکھ بھال کرتے تھے۔
رضا اکیڈمی نے ایک بارپھر راج بھون کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے اجازت مانگی ہے لیکن سوشل میڈیا پر ایک سرکاری ذرائع نے وہاں مسجد ہونے سے انکار کیا ہے۔ حال ہی میں رہائشی علاقے میں فلک بوس عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔
رضا اکیڈمی کے صدر محمد سعید نوری نے کہا ہےکہ تنظیم نے گورنر صاحب سے نماز جمعہ کی اجازت مانگی اور اس بات کی امید کی ہے کہ نماز کی جازت مل جائے گی ۔اس سلسلہ میں فی الحال راج بھون سے کوئی تصدیق نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔