معاشی محاذ پر پھر آئی بری خبر، ریٹنگ ایجنسی 'آئی سی آر اے' نے جی ڈی پی میں خسارہ کا اندازہ بڑھا کر 11 فیصد کیا

ریٹنگ یجنسی آئی سی آر اے نے ہندوستان کی جی ڈی پی کا اندازہ گھٹا کر منفی 11 فیصد کر دیا ہے۔ پہلے اس نے پورے سال کے لیے ہندوستان کی جی ڈی پی کا اندازہ منفی 9.5 فیصد لگایا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان کی معیشت کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ پیر کے روز ریٹنگ ایجنسی آئی سی آر اے نے ہندوستان کی جی ڈی پی کا نیا اندازہ جاری کیا۔ اس میں آئی سی آر اے نے ہندوستان کی جی ڈی پی میں گراوٹ کو بڑھا کر 11 فیصد کر دیا ہے۔ پہلے آئی سی آر اےنے ہندوستان کی پورے سال کی جی ڈی پی میں 9.5 فیصد کی گراوٹ کا اندازہ لگایا تھا۔ لیکن اب ایجنسی کو لگتا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں اور پورے مالی سال کے دوران ہندوستان کی معیشت کو 11 فیصد کا خسارہ ہوگا۔

حالانکہ آئی سی آر اےنے اس مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران معیشت میں ہونے والے نقصان کا اندازہ 12.4 فیصد ہی رکھا ہے۔ کئی بزنس اخبارات اور چینلوں کے ماہرین کے پول میں دوسری سہ ماہی میں معیشت کو 8 سے 15.6 فیصد نقصان کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی معیشت نے 23.9 فیصد کا غوطہ کھایا تھا۔


آئی سی آر اے کی چیف اکونومسٹ ادیتی نیئر نے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہندوستان میں کورونا وبا کا اثر گزشتہ 6 ماہ سے جاری ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ معاشی اشارہ اب اس بحران سے نمٹنے لگے ہیں۔ ایسے میں دھیرے دھیرے حالات پٹری پر آئیں گے لیکن اب کورونا کے بعد والے دورہ کا ایک نیا نارمل ہی سامنے آئے گا۔" آئی سی آر اے نے اس مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں معیشت میں بہتری کی امید ظاہر کی ہے اور تیسری سہ ماہی کے لیے اپنے قبل کے اندازہ منفی 5.4 فیصد سے بڑھا کر منفی 2.3 فیصد کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔