رنجیت سنگھ قتل معاملہ: گرمیت رام رحیم سنگھ سمیت 5 قصورواروں کو عمر قید کی سزا
سی بی آئی کے خصوصی جج ڈاکٹر سشیل گرگ نے قید کی سزا کے ساتھ ڈیرا پرمکھ کو 31 لاکھ روپے اور چار دیگر قصورواروں کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی سنایا۔
پنچکولہ: ہریانہ میں پنچکولہ کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے سرسہ میں واقع ڈیرا سچا سودا کی انتظامی کمیٹی کے رکن رنجیت سنگھ قتل کے تقریباً 19برس پرانے معاملہ میں ڈیرا پرمکھ گرمیت رام رحیم سنگھ سمیت پانچ قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی۔
سی بی آئی کے خصوصی جج ڈاکٹر سشیل گرگ نے قید کی سزا کے ساتھ ڈیرا پرمکھ کو 31 لاکھ روپے اور چار دیگر قصورواروں کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی سنایا۔ عدالت میں ڈیرا پرمکھ کو ویڈیو کانفرنسنگ سے جبکہ چار دیگر قصورواروں کرشن کمار، اتوار، جسویر اور سب دل کو ذاتی طورپر پیش کیا گیا۔ اس دوران عدالت کمپلکس اور باہر اور شہر کے دیگر حساس علاقوں میں حکم امتناعی نافذ کرنے کے ساتھ ہی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس اور دیگر سلامتی دستے تعینات کئے گئے تھے۔
اس سے پہلے اسی عدالت نے پانچوں کو گزشتہ آٹھ اکتوبر کو اس معاملے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنانے کے لئے 12اکتور کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن اس دن ڈیرا پرمکھ کی طرف سے ان کے اور ڈیرا کی طرف سے کئے جارہے سماجی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے ایک عرضی داخل کرکے سزا میں رحم کی اپیل کی گئی تھی۔ اس عدالت نے اس پر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سزا پر فیصلہ 18اکتوبر تک ملتوی کردیا تھا۔ اس معاملہ میں ایک دیگر ملزم اندرسین کی موت ہوچکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔