ضمانت ملنے پر نارائن رانے کے حامیوں نے منایا جشن
مہاراشٹر میں شیو سینکوں نے نارائن رانے کو مرغی چور تک کہہ دیا کیونکہ پانچ دہائی پہلے رانے چیمبور میں ’پولٹری‘ کی دوکان چلاتے تھے۔
مرکزی وزیر نارائن رانےکی پہلے گرفتاری اور پھر ان کی ضمانت اپنے آپ میں واضح کرتے ہیں کہ مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان بڑھتے اختلافات میں بہت زیادہ شدت آ گئی ہے ۔ کل مہاراشٹر کی نچلی عدالت نے نارائن رانے کو ضمانت دے دی اور ضمانت کے بعد آدھی رات کو ممبئی پہنچے نارائن رانے کے استقبال میں جشن منایا گیا ۔ واضح رہے اس سے قبل نارائن رانے کی گرفتاری پر شیو سینکوں نے جشن منایا تھا۔
مہاراشٹر میں نارائن رانے کو لے کر بی جے پی او ر شیو سینا میں اختلافات کی جو نئی لکیر کھنچی ہے اس کا اثر شیو سینا کا ترجمان ’سامنا ‘ اخبار میں بھی نظر آ یا ۔ سامنا میں رانے کو چھید والا غبارہ بتا دیا ۔ اس سے پہلے شیو سینکوں نے انہیں مرغی چور تک کہہ دیا تھا کیونکہ پانچ دہائی پہلے رانے چیمبور میں ’پولٹری‘ کی دوکان چلاتے تھے۔
واضح رہے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھارے کے خلاف متنازعہ بیان دینے والے مرکزی وزیر نارائن رانے کو منگل کے روز گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس سے قبل پولیس نے نارائن رانے کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز بیانوں کی بنا پر آئی پی سی کی کئی دفعات میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ نارائن رانے کے بیان سے بی جے پی بھی غیر آرام دہ صورت حال میں آ گئی اور پارٹی لیڈران نے کہا ہے کہ وہ ان کے بیان کی تائید نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر نارائن رانے نے رائے گڑھ میں پیر کے روز منعقد کی گئی جن آشیرواد یاترا کے دوران کہا تھا کہ ’’یہ شرمناک ہے کہ وزیر اعلیٰ (ادھوٹھاکرے) کو یہ معلوم نہیں ہے کہ آزادی کو کتنے سال ہو گئے ہیں۔ تقریر کرنے کے دوران وہ پیچھے مڑ کر اس کے بارے میں پوچھتے نظر آتے ہیں۔ اگر میں وہاں ہوتا تو انہیں ایک زوردار تھپڑ رسید کرتا۔‘‘
نارائن رانے نے دعوی کیا ہے کہ 15 اگست کو عوام الناس سے خطاب کے دوران ادھو ٹھاکرے یہ بھول گئے تھے کہ آزادی کو کتنے سال ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریر کے دوران ہی انہوں نے اپنے معاونین سے دریافت کیا کہ آزادی کو کتنے سال ہوئے ہیں۔
ادھر، بی جے پی نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے خلاف مرکزی وزیر نارائن رانے کے تھپڑ والے بیان کو خارج کر دیا ہے۔ ساتھ ہی، حزب اختلاف کے لیڈر دیویندر فڑنویس نے کہا کہ پارٹی نارائن رانے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ادھو ٹھاکرے حکومت بی جے پی لیڈران کو نشانہ بنانے کے لئے پولیس کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔