رام پور: معذور طالب علم اندھیرے میں پڑھنے پر مجبور

پہاڑی گیٹ سب اسٹیشن کے جے ای لوکیش کمار نے معذور کی جانب سے دفتر کے چکر کاٹنے کی بات تو قبول کی، لیکن کہا کہ ابھی تک اس نے بجلی کنیکشن کے لیے درخواست نہیں کی ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

رام پور: اترپردیش کے ضلع رام پور میں محکمہ بجلی کے افسران کے غیر انسانی رویے کے سبب ایک غریب معذور طالب علم اندھرے میں پڑھائی کرنے پر مجبور ہے۔ مرکز اور اترپردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے غریب اور کمزور طبقے کی بہبود کے لیے کئی پروگرام چلائے جا رہے ہیں مگر افسران کے رویے کے سبب ان پروگراموں کا فائدہ معذور طالب علم نہیں اٹھا پا رہا ہے۔

بی ایڈ امتحان کی تیاری میں سرگرم انل کمار اپنی پڑھائی چھوڑ کر محکمہ بجلی کے دفاتر کے چکر کاٹ رہا ہے۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ضلع رام پور کے کلکٹر کے عہدے پر فائز رہنے والے کمشنر آنجنیہ کمار سنگھ نے انل کمار کو بلاک 18/2 کانشی رام رہائش گاہ الاٹ کرتے ہوئے اس کی پڑھائی میں مدد کی تھی اور ساتھ ہی ماتحتوں کو بھی اس کا خیال رکھنے کی ہدایت دی تھی لیکن ضلع میں بجلی محکمے کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔


انل کا الزام ہے کہ ضلع کے پہاڑی گیٹ سب اسٹیشن کے اہلکار اسے پریشان کرتے ہیں۔ معذور کے ساتھ اس کے والدین رہتے ہیں اور اس کے پاس کھانے کمانے کا کوئی ذریعہ بھی نہیں ہے۔ محکمہ کی اجولا اسکیم کے تحت خط غریبی کے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو مفت بجلی کنیکشن دیا جا سکتا ہے۔

اس نے کہا کہ کوئی ذریعہ نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اس نے محکمہ بجلی سے میٹر لگانے کی درخواست کی ہے لیکن درجنوں چکر کاٹنے کے باوجود اب تک اس کے معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ پہاڑی گیٹ سب اسٹیشن کے جے ای لوکیش کمار نے معذور کی جانب سے دفتر کے چکر کاٹنے کی بات تو قبول کی، لیکن کہا کہ ابھی تک اس نے بجلی کنیکشن کے لیے درخواست نہیں کی ہے۔ اب معاملے کو جلد دیکھتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔