لاؤڈاسپیکر تنازعہ کے درمیان رمضان کا آخری جمعہ آج، ملک بھر میں سخت سیکورٹی
ملک بھر میں لاؤڈاسپیکر سے اذان اور ہنومان چالیسا کو لے کر چل رہے تنازعہ کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ کے پرانے شہر والے علاقوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
لاوڈ اسپیکر سے اذان اور ہنومان چالیسا تنازعہ کے درمیان رمضان کا الوداع جمعہ آج ہے۔ رمضان کے پاکیزہ مہینے کے آخری جمعہ کو ادا کی جانے والی نماز کو لے کر ملک کے الگ الگ حصوں مین سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گزشتہ دو رمضان المبارک میں جمعۃ الوداع کی نماز مساجد میں بڑی جماعتوں کے ساتھ نہیں ہو پائی تھیں، لیکن اس بار حالات کافی بہتر ہیں اس لیے لوگ جمعۃ الوداع کو لے کر پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
اسلامک سنٹر آف انڈیا کے چیف اور عیش باغ عیدگاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے لوگوں سے امن بنائے رکھنے اور کووڈ-19 پروٹوکول پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ملک بھر میں لاؤڈاسپیکر سے اذان کے خلاف اٹھ رہی آواز اور ہنومان چالیسا تنازعہ کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ کے پرانے شہر علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بڑی اور چھوٹی سبھی مسجدوں کو جمعۃ الوداع کے موقع پر نماز کے لیے سجایا گیا ہے او ر مسجدوں کے آس پاس کے علاقوں کو صاف کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کو چلچلاتی دھوپ کی شدت برداشت نہ کرنی پڑی، اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔ کئی ہندو تنظیموں نے روزہ نہیں رکھنے والوں کو شربت اور پانی پلانے کے لیے اسٹال لگائے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔