رام ولاس پاسوان کا جسد خاکی پٹنہ پہنچا، نتیش کمار نے پیش کیا خراج عقیدت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

09 Oct 2020, 9:14 PM

رام ولاس پاسوان کا جسد خاکی پٹنہ پہنچا، نتیش کمار نے پیش کیا خراج عقیدت

آنجہانی رام ولاس پاسوان کا جسد خاکی آج دیر شام پٹنہ ائیر پورٹ پر پہنچا جہاں ان کے بیٹے چراغ پاسوان سمیت تقریباً 40 لوگوں نے ان کا آخری دیدار کیا۔ پٹنہ ائیر پورٹ پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی، مرکزی وزیر اشونی چوبے، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو سمیت متعدد اراکین پارلیمنٹ و لیڈران نے رام ولاس پاسوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

09 Oct 2020, 4:44 PM

رام ولاس پاسوان: ایئرپورٹ لے جایا جا رہا مرکزی وزیر کا جسد خاکی

مرکزی وزیر اور ایل جے پی رہنما رام ولاس پاسوان کے جسد خاکی کو ایئر پورٹ لے جایا جا رہا ہے۔ جسد خاکی کو پٹنہ لے جانے کے لئے ایک گاڑی میں رکھا گیا ہے جس پر رام ولاس پاسوان کی ایک بڑی تصویر لگائی گئی ہے۔ کل صبح پٹنہ میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

09 Oct 2020, 12:01 PM

کل صبح 10 بجے آخری رسومات ادا ہوں گی

رام ولاس پاسوان کی پٹنہ میں ہونے جا رہی آخری رسومات میں پوری کابینہ کی جانب سے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد موجود رہیں گے۔ ایئر فورس کے خصوصی طیارے میں رام ولاس پاسوان کے جسد خاکی کے ساتھ ان کے کنبہ کے افراد کے ساتھ روی شنکر پرساد بھی دوپہر 2 بجے پٹنہ جائیں گے۔ پاسوان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کل صبح 10 بجے گنگا کے کنارے ادا کی جائیں گی۔


09 Oct 2020, 11:03 AM

وزیر اعظم کے بعد صدر نے خراج عقیدت پیش کیا

وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد صدر رام ناتھ کووند نے بھی رام ولاس پاسوان کے آخری دیدار کئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے علاوہ شرد پوار، ہرش وردھن اور روی شنکر پرساد سمیت متعدد رہنما انہیں خراج عقیدت پیش کر چکے ہیں۔

09 Oct 2020, 10:47 AM

رام ولاس پاسوان: آخری دیدار کا سلسلہ جاری، وزیر اعظم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت

بہار کے سیاسی رہنما اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان طویل علالت کے بعد گذشتہ شام انتقال کر گئے۔ 74 سالہ رام ولاس پاسوان کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن جمعرات کی شام وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔ ان کے بیٹے اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چیراغ پاسوان نے ان کی موت کی اطلاع دی۔ وزیر اعظم سے لے کر صدر تک متعدد لیڈران نے مرکزی وزیر کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ آج رام ولاس پاسوان کے جسد خاکی کو پٹنہ لے جایا جائے گا۔

رام ولاس پاسوان کے جسد خاکی کو 12 جن پتھ پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا ہے، جہاں مختلف لیڈران انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی رام ولاس پاسوان کے آخری دیدار کئے اور چراغ پاسوان سمیت دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔

مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس اور راشٹرپتی بھون کے قومی پرچم کو سرنگوں کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔