سزا کے اعلان سے قبل روہتک چھاونی میں تبدیل

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی :عصمت دری کے معاملے میں مجرم قرار دئے گئے ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کی سزا کا اعلان دوپہر 2.45 پرکیا جائے گا۔سزا سنانے کے لئے روہتک جیل میں ہی کورٹ روم بنایا گیا ہے۔ حالات قابو میں رہیں اس کے پیش نظر انتظامیہ نے جیل کے آس پاس کسی بھی مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کیا ہے۔ روہتک کو چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ہریانہ اور پنجاب میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے سینکڑوں ڈیرا حامیوں کو پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فوج، نیم فوجی دستے اور ریاستی پولس کے جوان تمام حساس مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں۔ روہتک، سرسا سمیت کئی اضلاع میں اسکول ،کالج بند ہیں اور موبائل انٹرنیٹ خدمات بھی معطل ہیں۔ واضح رہے روہتک کے سوناریا جیل میں بنائے گئے کورٹ روم میں جج ، دونوں فریقین کے وکلاء اور رام رحیم سنوائی کے وقت موجود رہیں گے۔



سزا کے اعلان سے قبل روہتک چھاونی میں تبدیل

ادھر سونی پت میں رام رحیم کے ڈیرے اور اس کے آس پاس سے بھاری تعداد میں لاٹھی ڈنڈے اور دیگر ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔پنجاب کے ابوہر میں 6 ڈیرا حامیوں کو گرفتار کیا گیا، اس سے قبل 8 حامی گرفتار ہوئے تھے جن پر عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ پنجاب کے سنگرور میں 23 ڈیرا حامیوں کو حراست میں لیا گیا۔

راجستھان کے سری گنگا نگر میں پانچ ڈیرا حامیوں کو پٹرول پمپ سے بوتل میں پٹرول بھرواتے ہوئے پکڑا گیا۔ اس کا پٹرول بم بناکر شہر میں آگ لگانے کا منصوبہ تھا۔ دہلی میں بھی سیکورٹی اہلکار مستعد ہیں اور پولیس نے صاف کر دیا ہے کہ کسی بھی غیر سماجی عناصر سے نمٹنے کے لئے وہ پوری طرح سے تیار ہیں۔روہتک جیل جانے کی کوشش کر رہی ایک خاتون ڈیرا حامی کوبھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2017, 12:52 PM