رام مندر ٹرسٹ نے ’ورچوئل ورلڈ‘ میں رکھا قدم، فیس بک پیج شروع

آن لائن اور سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ٹرسٹ مندر سے متعلق سبھی جانکاریاں ویب سائٹ کے ذریعہ ہی جاری کرے گا۔رام مندر احاطہ کے نزدیک بنے ٹرسٹ دفتر نے باضابطہ کام کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ نے ورچوئل ورلڈ میں قدم رکھ دیا ہے۔ ٹرسٹ نے سوشل میڈیا پر موجودگی کے لیے ٹوئٹر اور فیس بک کا استعمال کرنا شروع کیا ہے اور اس کے علاوہ اپنی ویب سائٹ بھی لانچ کرنے کی تیاری میں ہے۔ ٹرسٹ کے رکن ڈاکٹر انل مشرا نے بتایا کہ ٹرسٹ کے فیس بک پیج کی شروعات کر دی گئی ہے۔ ٹوئٹر کو ویریفائیڈ کرانے کے لیے خط بھیجا گیا ہے، جیسے ہی جواب ملے گا، اس پر بھی یہاں کی سرگرمیاں پوسٹ کی جائیں گی تاکہ لوگوں کو بہ آسانی ہر سرگرمی کا پتہ چل سکے۔

انل مشرا نے بتایا کہ "ویب سائٹ پر کام چل رہا ہے۔ جتنی جلدی ویب سائٹ تیار ہوگا، اتنی ہی جلدی لانچنگ کی تیاری بھی کی جائے گی۔ جلد ہی ویب سائٹ لانچ کرنے کے لیے کسی حتمی تاریخ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔" ڈاکٹر مشرا نے مزید بتایا کہ آن لائن اور سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ٹرسٹ مندر سے جڑی سبھی جانکاریاں ویب سائٹ کے ذریعہ ہی جاری کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ رام مندر احاطہ کے نزدیک بنے ٹرسٹ کے دفتر نے سرگرمی کے ساتھ کام کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر آنے کے بعد ٹرسٹ مزید تیزی کے ساتھ کام کرے گا۔


دوسری طرف شری رام جنم بھومی میں رام مندر تعمیر کی سنگ بنیاد کے لیے اب وزیر اعظم نریندر مودی سے ہری جھنڈی ملنے کا انتظار ہے۔ اس سلسلے میں ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے گزشتہ دنوں تعمیرات عمارت کمیٹی کے سربراہ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر نرپیندر مشرا سے مل کر میٹنگ بھی کر چکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 'گربھ گرہ' سمیت آس پاس تین ایکڑ زمین کو برابر بھی کیا جا چکا ہے۔ اب 'گربھ گرہ' سے شمالی سمت میں زمین برابر کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔