رام مندر تعمیر: زمین سے 200 فٹ اندر ڈالا جائے گا ٹائم کیپسول تاکہ...
رام جنم بھومی پر مندر تعمیر شروع کرنے کی تاریخ 5 اگست طے کی گئی ہے۔ رام مندر بنانے میں بہت ساری ایسی چیزوں کا استعمال ہوگا جس سے مندر کی تاریخ کے تعلق سے پتہ کرنے میں آسانی ہو۔
رام جنم بھومی پر مندر تعمیر شروع کرنے کی تاریخ 5 اگست مقرر کی گئی ہے۔ اس دن بھومی پوجن کی تقریب منعقد ہوگی اور پھر آگے کا کام شروع ہو جائے گا۔ رام مندر بنانے میں بہت سی ایسی چیزوں کا استعمال ہوگا جس سے مندر کی تاریخ کے بارے میں پتہ کرنے میں آسانی ہو۔ اس لیے اس مرتبہ اب جو مندر تعمیر ہوگا اس میں ایک ٹائم کیپسول بنا کر 200 فٹ نیچے ڈالا جائے گا۔ اس سے مستقبل میں رام مندر کے جدوجہد کی تاریخ کے بارے میں پتہ کرنے میں آسانی ہو سکے گی۔ رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے رکن کامیشور چوپال نے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس کو بتایا کہ مندر تعمیر کے لیے 200 فیٹ اندر ایک ٹائم کیپسول ڈالا جائے گا جس سے مستقبل میں مندر کی تاریخ اور ثقافتی جانکاری حاصل کی جا سکے گی۔
کامیشور چوپال کا کہنا ہے کہ "آج کھدائی سے جو باقیات حاصل ہوئے ہیں، وہ اہم ثبوت ہیں۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے مستقبل کی تاریخ سے متعلق کئی چیزیں اس میں ڈالی جائیں گی۔ اسے دانشور لوگ طے کریں گے۔ اس سے مندر کی تاریخ کا مطالعہ بڑی آسانی سے ہو سکے گا تاکہ آنے والے وقت میں کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔ تاریخ کو ثابت کرنے کے لیے بہت طویل لڑائی لڑنی پڑی ہے، اس لیے اب سب کچھ محفوظ رکھا جائے گا۔"
دوسری طرف ٹرسٹ 5 اگست کو رام مندر تعمیر شروع کرنے کے لیے ہونے والی بھومی پوجن کی وسیع تیاری کر رہا ہے۔ ابھی دعوت نامہ تقسیم کرنے کے لیے فہرست کی تیاری ہو رہی ہے اور یہ بھی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے کہ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے پروگرام کس طرح منعقد کیا جائے۔ گھر گھر دیا، مندروں میں بھجن وغیرہ کی تیاریاں بھی زوروں پر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2020, 4:46 PM