راجیہ سبھا انتخاب LIVE: یو پی میں کراس ووٹنگ ، بی جے پی نے دلت کو نہیں لینے دی ایک سیٹ
اترپردیش: بی جے پی کا 9 سیٹوں پر قبضہ، ایک پر ایس پی کی جیہ بچن کامیاب
اتر پردیش میں راجیہ سبھا سیٹ کے لیے ہوئی ووٹنگ میں کراس ووٹنگ نے معاملہ بہت دلچسپ بنا دیا تھا۔ اس ریاست سے بی جے پی کی 8 سیٹیں طے تھیں لیکن 9ویں سیٹ کے لیے بی جے پی نے اپنا امیدوار کھڑا کر کے بی ایس پی کی پریشانیاں بڑھا دی تھیں۔ کراس ووٹنگ کی وجہ سے یہاں بی جے پی کو فائدہ پہنچا اور اس نے 10 میں سے 9 راجیہ سبھا سیٹوں پر قبضہ کر لیا۔ ایک سیٹ پر سماجوادی پارٹی کی امیدوار جیہ بچن کو کامیابی ملی۔
کرناٹک: کانگریس کے تین اور بی جے پی کے ایک امیدوار کامیاب
کرناٹک کی 4 راجیہ سبھا سیٹوں کا نتیجہ آ گیا ہے۔ اس ریاست سے کانگریس کے تین امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ بی جے پی کے ایک امیدوار فتحیاب ہوئے ہیں۔
جھارکھنڈ: کانگریس کے دھیرج ساہو منتخب، بی جے پی کو بھی ملی ایک سیٹ
جھارکھنڈ میں راجیہ سبھا کی دونوں سیٹوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ یہاں سے کانگریس اور بی جے پی دونوں کے ہی ایک ایک امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس سے دھیرج ساہو کامیاب ہوئے ہیں جب کہ بی جے پی کے سمیر اراؤں منتخب ہوئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے پہلے انتخابی کمیشن نے جھارکھنڈ وِکاس مورچہ کے ممبر اسمبلی پرکاش رام اور سی پی آئی ایم کے ممبر اسمبلی راج کمار یادو کے ووٹوں پر کیے گئے اعتراض کو ختم کیا۔
اتر پردیش: بی جے پی اور بی ایس پی کا 1-1 ووٹ رَد
اتر پردیش کی 10 راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ووٹنگ کے دوران کراس ووٹنگ کے الزامات سے متعلق انتخابی کمیشن نے بی جے پی اور بی ایس پی کے 1-1 ووٹوں کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ اس طرح الیکشن آبزرور نے دونوں بیلٹ پیپر کو گنتی میں شامل نہیں کیا۔
اترپردیش: ووٹوں کی گنتی دوبارہ شروع
الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد اتر پردیش میں راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے ووٹوں کی گنتی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہاں کی دس سیٹوں کے نتائج جلد برآمد ہوں گے۔
مغربی بنگال: کانگریس کے ابھشیک منو سنگھوی فتحیاب
مغربی بنگال سے پانچوں راجیہ سبھا سیٹوں کے نتیجے برآمد ہو چکے ہیں۔ اس ریاست سے کانگریس کے ابھشیک منو سنگھوی نے فتحیابی حاصل کی ہے جب کہ بقیہ چار سیٹوں پر ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ترنمول کانگریس کے کامیاب امیدواروں میں شبھاشیش چکرورتی، ابیر بشواس، شانتنو سین اور ندیم الحق شامل ہیں۔
آندھرا پردیش: ٹی ڈی پی لیڈر فتحیاب
آندھرا پردیش سے تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) لیڈر سی ایم رمیش راجیہ سبھا کے لیے بلامقابلہ منتخب۔
اتر پردیش: بی جے پی نے ایمرجنسی میٹنگ طلب کی
بی ایس پی اور ایس پی کے ذریعہ کراس ووٹنگ پر اعتراض ظاہر کیے جانے کے بعد اتر پردیش میں ووٹوں کی گنتی ابھی تک شروع نہیں ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی نے ایمرجنسی میٹنگ بھی طلب کر لی ہے۔
چھتیس گڑھ: بی جے پی امیدوار سروج پانڈے فتحیاب
چھتیس گڑھ میں بی جے پی کی امیدوار سروج پانڈے راجیہ سبھا انتخاب میں فتحیاب ہوئیں۔ فتحیابی کے بعد انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
بی ایس پی کی شکایت کے بعد روکی گئی ووٹوں کی گنتی
سماجوادی پارٹی کے ممبر اسمبلی نتن اگروال اور بہوجن سماج پارٹی کے ممبر اسمبلی انل سنگھ نے مقرر کردہ ایجنٹ کو اپنا ووٹ نہیں دکھایا جس کی شکایت بی ایس پی نے انتخابی کمیشن سے کی۔ اس شکایت کے بعد ہی کمیشن نے ووٹوں کی گنتی روکنے کا فیصلہ کیا۔
اتر پردیش میں ووٹوں کی گنتی روکی گئی
بیلٹ پیپر پر اعتراض ظاہر کیے جانے کے بعد انتخابی کمیشن نے فی الحال اتر پردیش میں ووٹوں کی گنتی روک دی ہے۔ انتخابی کمیشن کے حکم کے بعد ہی اب دوبارہ گنتی شروع ہوگی۔
یو پی کی 10 سیٹوں کے لئے گنتی شروع
اتر پردیش کی 10 راجیہ سبھا سیٹوں کے لئے ووٹ شماری کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ کچھ ہی دیر میں نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ 10 ویں سیٹ کے لئے بی جے کے امت اگروال اور بی ایس پی کے بھیم راؤ امبیڈکر کے بیچ سخت مقابلہ ہے۔ کراس ووٹنگ کی وجہ سے نتائج دلچسپ ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
راجیہ سبھا کی 26 سیٹوں کے لئے ووٹنگ ختم
ملک کی 26 راجیہ سبھا سیٹوں کے لئے ووٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ اتر پردیش کی 10، مغربی بنگال کی 5، کرناٹک کی 4، تلنگانہ کی 3، جھارکھنڈ کی 2، چھتیس گڑھ اور کیرالہ کی 1-1 سیٹ کے لئے ووٹنگ کی گئی۔ شام 5 بجے ووٹ شماری کا عمل شروع ہوگا، اس کے کچھ گھنٹوں کے بعد نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔
چھتیس گڑھ: بی جے پی کے 4 ووٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ
چھتیس گڑھ میں راجیہ سبھا کے انتخاب کے حوالہ سے کانگریس نے انتخابی کمیشن کو تحریری شکایت دے کر بی جے پی کے 4 ووٹوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا امیدوار لیکھ راج ساہو نے شکایت میں کہا ہے کہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی بدری دھر دیوان، پریم پرکاش پانڈے، رام شیلا ساہو اور اشوک ساہو نے اپنا بیٹ پیپر پارٹی کے ووٹنگ ایجنٹ کو نہیں دکھایا جوکہ انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اگر کوئی ووٹر پارٹی کے آفیشل ایجنٹ کو اپنا بیلٹ پیپر نہیں دکھاتا تو اس کا ووٹ منسوخ ہو سکتا ہے۔
یوپی میں 4 بجے سے قبل ووٹنگ پوری
راجیہ سبھا انتخاب لئے اتر پردیش میں 4 بجے سے قبل ووٹنگ پوری ہو گئی ہے۔ 400 ارکان اسمبلی نے ووٹ ڈال دیا ہے۔ 403 ارکان اسمبلی میں سے 1 سماجوادی پارٹی اور 1 بی ایس پی کا رکن اسمبلی جیل میں ہے۔ وہیں ایک رکن اسمبلی کی موت ہو چکی ہے۔
شام کو 5 بجے ووٹ شماری کا عمل شروع ہوگا۔
راجیہ سبھا انتخاب کے لئے ووٹ ڈالنے کے بعد آزاد امیدوار راجا بھیا نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ راجا بھیا نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اخلاقیات کی بنیاد پر ملاقات کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اسی کو ووٹ دیا ہے جس سے وعدہ کیا تھا۔
اترپردیش میں دسویں سیٹ کیلئے زورآزمائی جاری
- اترپردیش میں راجیہ سبھا کے لئے جاری پولنگ میں دسویں سیٹ کے لئے حکمراں اور اپوزیشن فریق کے مابین زورآزمائی جاری ہے۔
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کو مختار انصاری اور نتن اگروال کی وجہ سے جھٹکا لگا ہے۔ پھر بھی بی ایس پی کے لال جی ورما کا دعوی ہے کہ دسویں امیدوار کے طورپر ان کی پارٹی کے بھیم راو امبیڈکر جیتیں گے۔ دسویں سیٹ پر بی ایس پی کے بھیم راو امبیڈکر اور بی جے پی کے انل اگروال کے مابین سخت مقابلہ ہے۔ - پولنگ چار بجے تک چلے گی، اس کے بعد گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان آج ہی کر دیا جائے گا۔
- اسمبلی کے تلک ہال میں جاری پولنگ میں کانگریس کے ساتوں اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈال دیا ہے۔
- بی ایس پی کے مجموعی طورپر 19میں سے 17اراکین اسمبلی کے ووٹ ڈالنے کی اطلاع ہے۔
- ایس پی کے شیوپال سنگھ یادو، سنگرام سنگھ یادو نے بھی ووٹ ڈال دیا ہے جبکہ بی جے پی کے سدھارتھ سنگھ، سری کانت شرما نے بھی ووٹ ڈال دیا ہے۔
- ایس پی کی طرف سے پہلا ووٹ شیوپال سنگھ نے ڈالا جبکہ بی جے پی کے لئے سدھارتھ سنگھ نے اپنی پارٹی کے لئے پہلا ووٹ ڈالا۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن اسمبلی نتن اگروال نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ وہ ریاست کے وزیر قانون برجیش پاٹھک کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچے تھے۔ نتن اگروال کے والد نریش اگروال حال ہی میں ایس پی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے بی ایس پی کے رکن اسمبلی نے بی جے پی امیدوار کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
چھتیس گڑھ میں ایک سیٹ کے لئے پولنگ
چھتیس گڑھ سے راجیہ سبھا کی ایک سیٹ کے لئے پولنگ جاری ہے۔ بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے مابین اس سیٹ کیلئے براہ راست مقابلہ ہے۔
ریاست میں جیت کے لئے 46 ووٹوں کی ضرورت ہے۔ اسمبلی میں اعداد وشمار کے حساب سے بی جے پی کے امیدوار کی جیت طے ہے۔
بی جے پی نے پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری سروج پانڈے اور کانگریس نے سابق رکن اسمبلی لیکھ رام ساہو کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کے پاس 49 اراکین اسمبلی ہیں جبکہ ایک آزاد امیدوار ومل چوپڑا نے بھی بی جے پی کو ووٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے۔ کانگریس کے پاس 38 اراکین اسمبلی ہیں۔ غیرمتعلقہ رکن امت جوگی نے کانگریس کو ووٹ دینے کا اعلان کررکھا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی ) کے ایک واحد رکن نے بھی کانگریس کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
راجیہ سبھا کی 25 سیٹوں کے لئے پولنگ شروع
اتر پردیش میں 9 سیٹوں پر بلا مقابلہ انتخاب طے ہے جبکہ دسویں سیٹ پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار بھیم راو امبیڈکر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نویں امیدوار انل اگروال کے مابین سخت مقابلہ ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ ارو ن جیٹلی سمیت بی جے پی کے 8 اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی واحد امیدوار جیا بچن کا انتخاب یقینی ہے۔
بی ایس پی رکن اسمبلی مختار انصاری اور ایس پی کے نتن اگروال کی وجہ سے بی ایس پی کی پریشانی بڑھ سکتی ہے۔ انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ نے جیل سے جاکر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی ہے جبکہ اگروال کے والد نریش اگروال بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس لئے سمجھا جارہا ہے کہ نتن اگروال بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بی ایس پی کا ایک رکن اسمبلی کل شام بی جے پی کے خیمہ میں دیکھا گیا تھا۔ دریں اثنا نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ نے دعوی کیا کہ بی جے پی کے تمام امیدوار کامیاب ہوں گے اور اپوزیشن کو سخت جھٹکا لگے گا۔
(یو این آئی)
ادھر سماجوادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو نے دعوی کیا ہے کہ (ان کی پارٹی میں) کراس ووٹنگ جیسی کوئی بات نہیں ہے، ہاں بی جے پی ارکان اسمبلی ضرور ان کے حق میں کراس ووٹنگ کریں گے۔
بی ایس پی کے رکن اسمبلی انل سنگھ نے بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالا ہے۔
راجیہ سبھا انتخاب: اتر پردیش پر سب کی نظر
ملک کی 16 ریاستوں سے آنے والے 58 راجیہ سبھا کے ارکان کی مدت اپریل-مئی میں ختم ہو رہی ہے۔ انتخابات کے لئے انتخابی عمل کے دوران اب تک 10 ریاستوں سے 33 ارکان بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ بقیہ 6 ریاستوں کی 25 سیٹوں اور کیرالہ کی ایک سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لئے آج پولنگ ہوگا۔ کل 25 سیٹوں میں اتر پردیش کی 10 سیٹیں بھی شامل ہیں جن پر ملک بھر کی نظر لگی ہوئی ہے۔
اتر پردیش سے راجیہ سبھا کی 10 سیٹوں کے لئے ووٹنگ اسمبلی کے تلک ہال میں ہوگی۔ آج شام کو ہی ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اتر پردیش سے 10 نشستوں کے لئے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ بی جے پی نے 9 اور ایس پی-بی ایس پی نے ایک ایک امیدوار اتارا ہے۔ یوں تو اتر پردیش اسمبلی میں کل 403 ارکان اسمبلی ہیں لیکن ان میں سے 400 ممبران اسمبلی ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ مختار انصاری اور ہری اوم یادو جیل میں ہیں اس لئے وہ ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے جبکہ بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کا انتقال ہو چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔