نئے سال کے موقع پر راجیہ سبھا میں رہے گی چھٹی

ایوان نے یکم جنوری کو چھٹی ہونے کی تجویز پاس کی اور ڈپٹی چیئرمین نے وقفہ صفر شروع کرنا چاہا۔ لیکن اے آئی اے ڈی ایم کے کے اراکین ہاتھوں میں پوسٹر لئے نشست کے نزدیک آکر ہنگامہ کرنے لگے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں نیا سال شروع ہونے کے موقع پر یکم جنوری یعنی منگل کو چھٹی رہے گی۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل نے آج ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر یہ تجویز پیش کی اور ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے جب اراکین پارلیمنٹ سے اس ضمن میں پوچھا تو پورے ایوان نے نئے سال کی چھٹی کی تجویز صوتی ووٹوں منظور کرلی۔

مسٹر گوئل نے کہا کہ صبح سبھی پارٹیوں کی میٹنگ میں نئے سال پر چھٹی کی بات رکھی گئی تھی۔ ایوان میں کرسمس کے موقع پر بھی 24 اور 26 دسمبر کو چھٹی رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو چھٹی کے بعد اس اجلاس میں کام کاج کے صرف پانچ دن ہی باقی بچیں گے۔ مکمل ایوان نے چھٹی کے لئے اتفاق ظاہر کیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اب اراکین باقی بچے دنوں میں اسی طرح عام اتفاق رائے سے کام کاج کریں گے۔

اس کے بعد جیسے ہی ایوان نے یکم جنوری کو چھٹی ہونے کی تجویز پاس کی اور ڈپٹی چیئرمین نے وقفہ صفر شروع کرنا چاہا اے آئی اے ڈی ایم کے کے اراکین ہاتھوں میں پوسٹر لئے نشست کے نزدیک آکر ہنگامہ کرنے لگے۔ڈپٹی چیئرمین نے اراکین کو یاد دلایا کہ کچھ دیر پہلے ہی انہوں نے چھٹی کے اعلان کے ساتھ ساتھ اراکین سے آج اور باقی بچے دنوں میں کام کاج کرنے کی اپیل کی تھی۔اراکین کو اپنی بات رکھنی چاہئے اور شور شرابہ بند کرکے ایوان کی کارروائی چلنے دینی چاہئے لیکن اراکین پر ان کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ ہنگامے کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین کو ایوان کی کارروائی لنچ تک کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔ سرمائی اجلاس گزشتہ 11 دسمبر کو شروع ہوا تھا لیکن مختلف مسئلوں پر ہنگامے کی وجہ سے ایوان میں ایک دن بھی کام کاج نہیں سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔