راجستھان میں بھی کانگریس نے نبھایا وعدہ، کسانوں کا 2 لاکھ تک کا قرض معاف

مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے بعد راجستھان حکومت نے بھی کسانوں کا دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس سے خزانے پر تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے کا بوچھ پڑے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

عمران خان

کانگریس نے اپنے چناوی وعدے کے مطابق راجستھان میں بھی کسانوں کا دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی کانگریس کی حکومتیں کسانوں کے قرض کو معاف کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔

غور طلب ہے کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اپنی چناوی تقاریر میں کہا تھا کہ حکومت سازی کے 10 دنوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کر دیا جائے گا۔ اسی وعدے پر عمل کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں حلف لینے کے دو گھنٹوں کے اندر ہی وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے سب سے پہلے کسانوں کی قرض معافی کی فائل پر دستخط کئے تھے۔

اسی طرح چھتیس گڑھ میں بھی حلف برداری کے فوری بعد وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کسانوں کے حق میں قرض معافی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے تقریباً ساڑھے دس لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

قبل ازیں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے منگل کے روز کہا تھا کہ کانگریس 2019 کے اپنی انتخابی منشور میں کسانوں کی قرض معافی کا اعلان کرے گی۔ کانگریس صدر نے کہا تھا کہ ’’ہم نے جو کہا وہ کر کے دکھایا ہے۔ وزیر اعظم کو اس سے سبق لینا چاہئے۔ وزیر اعظم یہ جان لیں کہ جب تک وہ ملک بھر کے کسانوں کا قرض معاف نہیں کریں گے ہم انہیں چین سے سونے نہیں دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔