راجستھان: زمین کے تنازعہ میں پجاری کو زندہ جلانے کا واقعہ، گہلوت نے کہا- بخشے نہیں جائیں گے مجرم
راجستھان کے کرولی ضلع میں پیش آنے والے اس ہولناک واقعہ کی وجہ سے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے، پولیس نے معاملہ کے کلیدی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے
کرولی: راجستھان کے کرولی میں ایک پجاری کو زندہ جلا دیا گیا ہے۔ پجاری کا بدن آگ میں بری طرح جھلس گیا تھا، اس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج ان کی موت ہو گئی۔ پولیس نے کلیدی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں فرقوں میں مندر کی زمین کے حوالہ سے تنازعہ چل رہا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کرولی ضلع کے سپوٹرا تھانہ کی گرام پنچایت بھکنا میں پیش آیا۔ یہاں پر واقعہ ایک مندر میں 50 سالہ بابو لال ویشناو پوجا کرتا تھا اور مند کی زمین پر بھی اسی کا قبضہ تھا۔ لیکن زمین پر گاؤں کے ہی دبنگ کیلاش مینا کی نظر تھی۔ اسی زمین پر قبضہ کرنے کے لئے ملزم کیلاش مینا نے مبینہ طور پر پجاری پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
کانگریس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر رمیش مینا نے ٹوئٹ کر کے اس معاملہ پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’سپوٹرا میں مندر کے پجاری بابولال کو زندی جلانے کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ ایسے واقعات مہذب سماج کے لئے صحیح نہیں ہیں۔ ضلع کے پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کلیدی ملزم گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ بقیہ ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوگ نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’سپوٹرا، کرولی میں بابولال ویشناو کا قتل انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ سماج میں ایسی حرکت کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ریاستی حکومت اس تکلیف دہ وقت میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہے۔ اہم ملزم گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارروائی جاری ہے۔ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔