پہلو خان موب لنچنگ: مقتول کے بیٹوں پر دائر مقدمہ کی دوبارہ جانچ کرے گی راجستھان پولس
پولس کے مطابق پہلو خان بھی ملزم تھا لیکن حیات نہ ہونے کی وجہ سے اس کا نام چارج شیٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
راجستھان پولس نے گزشتہ روز عدالت میں عرضی دے کر مطالبہ کیا ہے کہ الور میں ہجومی تشدد کے دوران قتل کر دیئے گئے نوح، میوات کے رہائشی کسان پہلو خان کے بیٹوں کے خلاف دائر مقدمہ میں کچھ پہلؤں کی دوبارہ سے جانچ کرنے کی اسے اجازت فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ یکم اپریل 2017 کو پہلو خان، ان کے بیٹوں اور دیگر لوگوں پر مویشی لے جاتے وقت گئو رکشکوں نے حملہ کیا تھا۔ اس حملہ میں پہلوخان شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاکر انہوں نے دم توڑ دیا تھا۔ اس واردات کو لے کر ملک بھر سے سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا۔
گزشتہ مہینے میڈیا میں خبر شائع ہوئی تھی کہ راجستھان پولس نے مئی کے مہینے میں پہلو خان کے بیٹوں ارشاد اور عارف کے علاوہ مویشی لے جا رہے ٹرک کے مبینہ مالک خان محمد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ بہروڑ کے ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں داخل اس چارج شیٹ میں گئوکشی اور مویشی اسمنگلنگ سے متعلق دفعات میں مقدمہ تیار کیا گیا تھا۔ پولس کے مطابق پہلو خان بھی ایک ملزم تھا لیکن زندہ نہ ہونے کی وجہ سے چاج شیٹ میں اس کا شامل نہیں کیا گیا۔
گزشتہ روز 8 جولائی کو الور کے ایس پی پارس دیشمکھ نے میڈیا سے کہا، ’’پہلوخان کے اہل خانہ نے ایک درخواست پیش دی ہے۔ جس کا معائنہ کرنے کے بعد ہم نے ہفتہ کے روز عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ ہم نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ آگے کی جانچ کے لئے فائل واپس کر دی جائے، اس پر حتمی فیصلہ عدالت ہی کو لینا ہے۔‘‘ افسر نے مزید کہا، ’’خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مویشیوں کو الور ضلع کے ٹپوکڑا لے جا رہے تھے۔ وہیں ٹرک مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعہ سے قبل ہی اس نے اپنا ٹرک فروخت کر دیا تھا۔ ہم ان نکات کی دوبارہ سے جانچ کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا تھا کہ حکومت اس معاملہ کی جانچ کرے گی کہ کہیں اس کیس میں نتائج پہلے سے طے کرنے کے بعد تفتیش تو نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اگر کسی طرح کی بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو مقدمہ کو از سرنو کھولا جائے گا۔
وہیں بی جے پی کے ایک سینئر رہنما نے راجستھان کی کانگریس حکومت کے اس قدم کو سیاست پر مبنی قرار دیا ہے۔ بی جے پی رہنما کا کہنا ہے کہ اقلیتی ووٹ حاصل کرنے کے لئے راجستھان حکومت نے ایسا کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Jul 2019, 2:10 PM