راجستھان: جہاز پور میں کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی طرح کا جلوس نکالنے کی اجازت نہیں
ہفتہ کو جہاز پور میں ایک جلوس پر پتھراؤ میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کے بعد پورے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول ہے۔
راجستھان کے شاہ پورہ کے جہاز پور میں کشیدگی کے پیش نظر انتظامیہ نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر پیر کو کسی بھی طرح کا جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے ملی جانکاری کے مطابق ہفتہ کو جہاز پور علاقے میں دو فرقوں کے درمیان ہوئے تنازعہ کے بعد بارہ وفات کے موقع پر دوسرے فرقے کو کسی بھی طرح کا جلوس نہ نکالنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہو کہ ہفتہ کو جل جھولنی ایکادشی کے موقع پر جہاز پور میں ایک جلوس پر پتھراؤ کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی تھی اور علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ اس پتھراؤ میں ایک خاتون سمیت کئی نوجوان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ اس دوران جلوس میں شامل لوگوں نے دوسرے فرقہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
واقعہ کے بعد جہاز پور علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ قصبے کے بازار بند ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نپٹنے کے لیے کثیر تعداد میں پولیس دستہ تعینات کردیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی موقع پر ڈپٹی ایس پی اجیت سنگھ میگھ ونشی، تھانہ انچارج رام بنّا بھی کیمپ کر رہے ہیں۔ اجمیر رینج کے ڈی آئی جی اوم پرکاش نے بتایا کہ حالات قابو میں ہیں اور پتھراؤ کرنے والوں کا پتہ لگانے میں پولیس ٹیم لگی ہوئی ہے۔
نیوز پورٹل کی خبر کے مطابق شاہ پور کے ضلع مجسٹریٹ راجندر سنگھ شیخاوت نے بتایا کہ انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے اور جلد ہی کشیدگی پر قابو پا لیا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جس میں تالاب کے پاس کچھ ناجائز کیبن ہٹائے گئے ہیں۔ 2 عمارتوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ شیخاوت نے کہا کہ پولیس کی کارروائی ضابطے کے مطابق کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں خاتون سمیت کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔