راجستھان: بی جے پی کی دوسری لسٹ میں 3 وزراء سمیت 15 اراکین اسمبلی کا ٹکٹ کٹا

راجستھان میں بی جے پی کے ذریعہ امیدواروں کی جو دوسری لسٹ جاری ہوئی ہے اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ پارٹی کو وسندھرا حکومت کے تئیں عوام کی ناراضگی کا احساس ہو چکا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی نے راجستھان اسمبلی انتخاب کے لیے بدھ کو امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی۔ 31 امیدواروں کی فہرست میں بی جے پی نے 15 موجودہ اراکین اسمبلی اور 3 وزراء کے ٹکٹ کاٹ دیے ہیں اور ان کی جگہ نئے لوگوں کو میدان میں اتارا ہے۔

اس سے پہلے بی جے پی نے اپنی پہلی فہرست میں 131 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ٹکٹ کٹنے پر وسندھرا حکومت کے وزیر سریندر گویل نے پارٹی کو برباد کرنے کی تنبیہ دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے ناگور کے ممبر اسمبلی حبیب الرحمن نے بھی بغاوت کر دی تھی اور کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ ان کے علاوہ دوسا سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہریش مینا نے بھی کانگریس میں میں پناہ لے لی ہے۔

لیکن راجستھان کے کچھ وزراء کے لیے دوسری فہرست کچھ راحت لے کر آئی ہے۔ پہلی فہرست میں ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے وسندھرا حکومت کے وزیر کالی چرن صراف اور صنعت کے وزیر راج پال سنگھ شیخاوت کو ٹکٹ مل گیا ہے۔ لیکن چُرو ضلع کے رتن گڑھ سیٹ سے دیو استھان وزیر راج کمار رنواں، بوندی کے کیشورائے پاٹن سے رکن اسمبلی اور وزیر بابو لال ورما اور بانسواڑا سے بی جے پی رکن اسمبلی اور وزیر دھن سنگھ راوت کا ٹکٹ کٹ گیا ہے۔

بی جے پی نے دوسری فہرست کا اعلان کرتے ہوئے جن موجودہ اراکین اسمبلی کے ٹکٹ کاٹے ہیں ان میں الور کے رام گڑھ سے رکن اسمبلی گیان دیو آہوجہ بھی ہیں۔ گیان دیو آہوجہ بی جے پی کے وہی رکن اسمبلی ہیں جو اکثر متنازعہ بیان دیتے رہے ہیں۔ آہوجہ نے ہی کہا تھا کہ جے این یو میں بھارتی تعداد میں استعمال کیے گئے کنڈوم برآمد ہوتے ہیں۔

آہوجہ کے علاوہ جن اراکین اسمبلی کے ٹکٹ کٹے ہیں ان میں کشنا رام نائی رکن اسمبلی ڈونگر گڑھ، لکشمی نارائن بیروا رکن اسمبلی چاکسو، آر سی سنیریوال رکن اسمبلی ڈگ، جیتمل کھانٹ رکن اسمبلی گڑھی، رانی کولی رکن اسمبلی بسیڑی، شیطان سنگھ رکن اسمبلی پوکرن، ترون رائے کاگا رکن اسمبلی چوہٹن، چھوٹی سنگھ بھاٹی رکن اسمبلی جیسلمیر، کرشن کڑوا رکن اسمبلی سنگریا، گیتا ورما رکن اسمبلی سکرائے، راج کماری جاٹو رکن اسمبلی ہنڈون، منگلا رام رکن اسمبلی کٹھومر، رانی سلوٹیا رکن اسمبلی بسیڑی اور شملہ باوری رکن اسمبلی انوپ گڑھ شامل ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ بی جے پی کی دوسری فہرست میں بھی کسی مسلم کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے قریبی اور حکومت میں نمبر دو یونس خان کا نام بھی ڈِڈوانا سیٹ سے ابھی طے نہیں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Nov 2018, 9:08 AM