ملائم سنگھ سے راجہ بھیا کی ملاقات، قیاس آرائیاں شروع
راجہ بھیا نے کہا کہ 22 نومبر کو نیتا جی کے یوم پیدائش کے موقع پر وہ باہر تھے۔ آج لکھنؤ آنے پر انہوں نے سب سے پہلے نیتا جی سے مل کر آشیرواد لیا۔
لکھنؤ: اتر پردیش میں آنے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کے لئے کوشاں سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو کے والد اور پارٹی فاونڈر ملائم سنگھ یادو سے جمعرات کو جن ستا دل کے صدر رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا نے ملاقات کی۔
حالانکہ، سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ کی رہائش گاہ پر ہوئی ملاقات کے بعد 25 سال تک رکن اسمبلی رہ چکے راجہ بھیا نے بتایا کہ وہ نیتا جی کو یوم پیدائش کی مبارک باد دینے کے لئے آئے تھے، تاہم اس ملاقات کے کئی سیاسی معنی نکالے جا رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 22 نومبر کو ملائم سنگھ یادو کا 83 ویں یوم پیدائش تھا۔ اس موقع پر ایس پی سمیت تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے انہیں یوم پیدائش کی مبارک باد دی تھی۔
راجہ بھیا نے کہا کہ 22 نومبر کو نیتا جی کے یوم پیدائش کے موقع پر وہ باہر تھے۔ آج لکھنؤ آنے پر انہوں نے سب سے پہلے نیتا جی سے مل کر آشیرواد لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکثر نیتا جی سے ملتے رہتے تھے۔ لیکن اس بار کورونا کی وجہ سے ملاقات کا وقفہ زیادہ ہو گیا۔ ایس پی سے جن ستا دل کے اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کے سلسلے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ رسمی ملاقات تھی اس کے سیاسی معنی نہ نکالے جائیں۔
ملائم سنگھ کے ساتھ تقریباً آدھا گھنٹہ تک ملاقات کے بعد راجہ بھیا نے ٹوئٹ بھی کیا۔ راجا بھیا ریاست کی تمام 403 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے جا رہے ہیں اور گزشتہ دنوں ان کی پارٹی نے رتھ یاترا بھی شروع کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کلکتہ میونسپل کارپوریشن کے انتخاب کے لئے نوٹیفکیشن جاری
آئی اے این ایس نے ذرائع کے حوالہ سے بتایا کہ گزشتہ روز راجہ بھیا کی فون پر اکھلیش یادو سے بات ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے آج لکھنؤ میں ملائم سنگھ سے ملاقات کی۔ حال ہی میں راجہ بھیا نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی جن ستا دل لوک تانترک یوپی میں 100 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اور وہاں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی جہاں سے یوگی آدتیہ ناتھ امیدوار ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔