پی ایم مودی کے خلاف راج ٹھاکرے نے پھر کی آواز بلند، کہا ’پردھان سیوک‘ لفظ نہرو کا ایجاد کردہ

وزیر اعظم نریندر مودی پر تلخ حملہ کرتے ہوئے مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’پردھان سیوک‘ لفظ سب سے پہلے ملک کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے دیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

راج ٹھاکرے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دہلی واقع تین مورتی بھون میں نہرو میموریل میوزیم میں ایک تختی لگی ہوئی ہے جس پر پنڈت نہرو کے حوالے سے لکھا ہوا ہے کہ ’’اس دیش کی جنتا ہمیں پردھان منتری نہ کہے، پرتھم سیوک کہے۔‘‘ اس کا حوالہ دیتے ہوئے ٹھاکرے نے آگے کہا کہ ’’لیکن انھوں نے (مودی) صرف ’پرتھم سیوک‘ کو بدل کر ’پردھان سیوک‘ کر دیا۔‘‘

یہ بیان ٹھاکرے نے مہاراشٹر واقع ناندیڑ میں کانگریس کی قیادت والی 56 پارٹیوں کے مہاگٹھ بندھن کے لیے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ نہرو اور اندرا گاندھی کو گالی دیتے رہے، لیکن آپ اب بھی ان کی کاپی کرتے ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران آپ نے ہر ایشو پر صرف جھوٹ بولا ہے۔‘‘ راج ٹھاکرے نے مودی کے اس الزام کو بھی خارج کر دیا جس میں وہ بار بار کہتے رہے ہیں کہ کانگریس فیملی سے کسی نے بھی اس وقت جیل میں جا کر بھگت سنگھ سے ملاقات نہیں کی جب وہ تحریک آزادی کے دوران پھانسی کی سزا کا سامنا کر رہے تھے۔

اپنی بات ثابت کرنے کے لیے راج ٹھاکرے نے پروگرام میں پی ایم نریندر مودی کی وہ تقریر سنائی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بھگت سنگھ سے ملنے کے لیے کانگریس فیملی کا کوئی شخص نہیں گیا تھا۔ اور پھر ٹھاکرے نے مودی کو غلط اپنے بیان کو صحیح ثابت کرنے کے لیے ایک پرانے اخبار کا کلپ دکھایا جس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ نہرو نے بھگت سنگھ سے جیل میں دو بار ملاقات کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔