جھارکھنڈ: راج بھون اور وزیر اعلیٰ رہائش کی گائیں مشکل میں، چارے کے لیے نہیں ملی رقم

جھارکھنڈ کے راج بھون اور وزیر اعلیٰ رہائش کی گایوں کے لیے چارہ ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ چارے کے لیے کوئی رقم الاٹ نہیں کی گئی ہے اور پرانی ادائیگی میں بھی پریشانی ہو رہی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ کے راج بھون اور وزیر اعلیٰ رہائش کی گایوں کے لیے چارے کے لالے پڑ گئے ہیں کیونکہ ان کے چارے کے لیے کوئی رقم الاٹ نہیں کی گئی ہے۔ اس وجہ سے چارہ فراہم کرنے والوں نے ادائیگی نہ کیے جانے کی صورت میں چارہ فراہمی سے منع کر دیا ہے۔ افسران نے یہ جانکاری میڈیا کو دی۔

راج بھون اور وزیر اعلیٰ رہائش میں دودھ دینے والے جانوروں کی دیکھ ریکھ کا انتظام جو محکمہ دیکھتی ہے، انھیں رواں مالی سال کے لیے کوئی رقم ہی الاٹ نہیں کی گئی۔ اس وجہ سے پریشانیاں پیدا ہو گئی ہیں اور گایوں کے لیے چارا ملنا مشکل ہو گیا ہے۔


ایک افسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ کارپوریشن کے ماتحت تین گئوشالہ ہیں۔ گورنر کی رہائش میں کام دھینو گئوشالہ، جس میں آٹھ دودھ دینے والے جانور ہیں، وزیر اعلیٰ رہائش کے گئوشالہ میں چار گائیں ہیں، جب کہ اس کے ٹریننگ سنٹر میں 50 جانور ہیں۔

افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان جانوروں کو روزانہ مناسب چارہ دیئے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسا نہ ہونے پر گائیں بیمار پڑ سکتی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ راج بھون کی ایک گائے بیمار ہو گئی تھی اور اسے علاج کے لیے ٹریننگ سنٹر لایا گیا ہے۔ ڈیری کے ڈائریکٹر کرشن مراری کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ رقم کی منظوری کے لیے کوشش کر رہا ہے اور امید ہے کہ اس مسئلہ کا حل جلد نکال لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔