رائے پور: 10 دنوں کا سخت لاک ڈاؤن شروع، انتظامیہ متحرک
رائے پور کے کلکٹر ڈاکٹر بھارتی داسن کے مطابق پورے رائے پور ضل میں آج شام چھ بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، اور 19 اپریل کو صبح چھ بجے تک جاری رہے گا۔
رائے پور: چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں کورونا انفیکشن کے بے قابو ہونے کی وجہ سے 19 اپریل کی صبح چھ بجے تک چلنے والا لاک ڈاؤن آج شام چھ بجے سے شروع ہوگیا ہے،جبکہ ریاست کے درگ ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن چھ اپریل سے جاری ہے۔ ریاست میں انفیکشن میں تیسرے مقام پر بنے راج آنند گاؤں میں کل دوپہر سے لاک ڈاؤن نافذ ہوگا، جبکہ کل شام سے ہی بالود ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ ان ضلعوں میں بھی نئے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے اور لوگوں کی بڑھتی ہوئی اموات کی وجہ سے انتظامیہ نے سخت مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔
رائے پور کے کلکٹر ڈاکٹر بھارتی داسن کے مطابق پورے رائے پور ضل میں آج شام چھ بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، اور 19 اپریل کو صبح چھ بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران ضلع کی سبھی سرحدیں پوری طرح سے سیل کردی گئی ہیں۔ صرف میڈیکل اسٹورس کھلیں گے لیکن ان سے بھی ہر ممکن ہوم ڈیلیوری کےلئے کہا جائے گا۔اس کے علاوہ دیگر کوئی دکان کھلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر بھارتی نے بتایا کہ دودھ اور اخبار کی تقسیم کے لئے صبح چھ بجے سے آٹھ بجے تک اور شام کو پانچ بجے سے ساڑھے چھ بجے تک کی اجازت ہوگی ۔ ضلع میں شراب کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔گیس ایجنسیوں کو بھی صرف ٹیلی فون یا آن لائن آرڈر لینے اور انہیں گاہکوں کے گھر پہنچانے کی اجازت ہوگی۔ اس دوران ضروری خدمات کو چھوڑ کر مرکز اور ریاستی حکومت کے سبھی دفتر اور بینک بند رہیں گے۔
ڈاکٹر بھارتی داسن کے مطابق ایمرجنسی وجوہات سے رائے پور سے اچانک آنے جانے والے لوگوں کو ای پاس لینا ہوگا۔ پٹرول پمپوں کو بھی اس دوران صرف سرکاری اور ضروری خدمات سے جڑی گاڑیوں کو ہی تیل دینے کی اجازت ہوگی۔ میڈیا اہلکاروں کو بھی ہرممکن حد تک ورک فرام ہوم کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔