ممبئی میں بارش کی تباہی: لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مکانات اور دیوار گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 سے تجاوز

عروس البلاد ممبئی میں رات گئے سے لگاتار ہو رہی بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات و دیوار گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 سے تجاوز کر چکی ہے

ممبئی میں بارش / آئی اے این ایس
ممبئی میں بارش / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: عروس البلاد ممبئی میں رات گئے سے لگاتار ہو رہی بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات و دیوار گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 سے تجاوز کر چکی ہے۔ متاثرہ چمبور اور وکرولی کے علاقوں میں راحت رسانی کا کام حال جاری ہے۔

فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پہاڑی پر واقع ایک دیوار کچھ مکانات پر گر گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ممبئی کے بھرت نگر علاقہ کی دیوار رات کے ایک بجے منہدم ہوئی۔ اس واقعہ میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی راجوادی اسپتال پہنچایا گیا۔


اس کے علاوہ ممبئی کے ویکرولی نواحی علاقے میں رات گئے لگاتار بارش کے بعد لینڈ رات 2.30 بجے ہونے والی سلائڈنگ کے سبب 7 جھونپڑی مکین ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال بھیج دیا گیا۔ مضافاتی بھنڈوپ علاقہ میں بھی محکمہ جنگلات کے احاطے کی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک 16 سالہ لڑکے کی موت ہو گئی۔

بھاری بارشوں کے درمیان معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہے گئے ہیں اور مضافاتی ٹرین خدمات اور گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا ہے۔ پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق، مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے نے شدید بارش کے بعد ممبئی میں مضافاتی ٹرین خدمات کو مختصر وقت کے لئے معطل کر دیا ہے اور متعدد طویل مسافت والی ٹرینوں کو یا تو منسوخ کر دیا ہے یا ان کے اوقات تبدیل کر دئے ہیں۔


خیال رہے کہ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شدید بارش کے پس منظر میں ممبئی کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے علی الصبح جاری کئے گئے ایک بلیٹن میں کہا کہ موسمی حالات میں اچانک تبدیلی ہونے کے بعد ممبئی میں 6 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ اس کے بعد شہر کے لئے جاری کئے گئے آرینج الرٹ کو ریڈ الرٹ سے تبدیل کر دیا گیا۔ آئی ایم ڈی نے بتایا کہ اتوار کی صبح 6.30 بجے تک ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران 120 ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔

آئی ایم ڈی نے بتایا کہ ممبئی میں کچھ مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے اور یہاں 24 گھنٹوں میں 204.5 ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی جا سکتی ہے۔ صبح 3 بجے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا کہ شہر کے سانٹا کروز میں 213 ملی میٹر، باندرا میں 197.5 ملی میٹر اور کولابا میں 174 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔