شمالی ہندوستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری، کسانوں کی فصلیں تباہ، معمولات زندگی مفلوج
دہلی، اتر پردیش، پنجاب، راجستھان، ہریانہ سمیت کچھ ریاستوں میں گزشتہ کچھ دنوں سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کچھ مقامات پر گزشتہ 8-10 گھنٹے سے ہلکی یا درمیانی بارش ہو رہی ہے
نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی سمیت شمالی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسم کا انداز بدل گیا ہے۔ دہلی، اتر پردیش، پنجاب، راجستھان، ہریانہ سمیت کچھ ریاستوں میں گزشتہ کچھ دنوں سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کچھ مقامات پر گزشتہ 8-10 گھنٹے سے ہلکی یا درمیانی بارش ہو رہی ہے۔
بارش کے بعد جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہے اور بڑے شہروں میں گرمی سے راحت مل گئی ہے وہیں یہ کسانوں پر تباہی بن کر ٹوٹی ہے۔ کھیتوں میں گہوں، سرسوں اور کئی طرح کی تیار فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ وہیں، محکمہ موسمیات نے آج (منگل) 21 مارچ کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی کی پیشن گوئی کے مطابق آج یعنی 21 مارچ سے شمال مغربی ہندوستان اور مشرقی ہندوستان میں بارش کی سرگرمیاں کم ہو جائیں گی۔ تاہم، اگلے چند گھنٹوں میں کرنال، مظفر نگر، بجنور، کھتولی، ہستیناپور، میرٹھ، سنبھل اور کئی قریبی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک کی راجدھانی نئی دہلی کی بات کریں تو آج یہاں کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ آج بھی دہلی میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 مارچ کو دہلی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان دو دنوں میں بارش کی کوئی پیش قیاسی نہیں ہے۔ تاہم 24 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بارش دیکھی جا سکتی ہے۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کی بات کریں تو یہاں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ وہیں آج لکھنؤ میں بھی بارش دیکھی جا سکتی ہے۔ 24 مارچ کو لکھنؤ میں بارش اور دھول بھری آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ غازی آباد کی بات کریں تو آج یہاں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری رہ سکتا ہے۔ وہیں، آج غازی آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے دور دراز علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہرادون میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں گرج چمک کے ساتھ بارش دیکھنے کو ملے گی۔ بدری ناتھ کی بات کریں تو یہاں کم سے کم درجہ حرارت -12.3 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت -9.8 ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی آج یہاں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق آج ہریانہ، پنجاب، مغربی ہمالیہ اور گنگا مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ مشرقی راجستھان، شمالی اور مشرقی مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، تلنگانہ، ساحلی آندھرا پردیش اور تمل ناڈو میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔