پٹنہ میڈکل کالج کا آئی سی یو پانی پانی، اوپر مریض، نیچے مچھلی
نالندہ میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں پانی بھرجانے کے بعد یہ حال ہے کہ بستروں پر مریض لیٹے ہوئے ہیں اور فرش پر پانی میں مچھلیاں تیر رہی ہیں۔
پٹنہ کے دوسرے سب سے بڑے سرکاری اسپتال نالندہ میڈیکل کالج میں مریضوں کو اسپتال میں بھی خطرہ ہے۔ بھاری بارش کے سبب اسپتال کے وارڈ سے لے کر آئی سی یو تک میں پانی داخل ہو گیا۔
اسپتال کے آئی سی یو کے اندر گندا پانی بھرنے کے بعد مریض خوفزدہ ہیں۔ بد انتظامی کے لئے شہرت یافتہ پٹنہ کا یہ اسپتال 100 ایکڑ زمین میں پھیلا ہے اور اس میں 750 بستر ہیں۔
نالندہ میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں پانی بھرنے کے بعد یہ حالات ہیں کہ بستروں پر مریض لیٹے ہوئے ہیں اور فرش پر پانی میں مچھلیاں تیر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ آسی یو میں انہیں مریضوں کو داخل کیا جاتا ہے جن کی حالت ناز ک ہوتی ہے۔ ایسے میں سوال اٹھ رہا ہے کہ جب اسپتال کی یہ حالت ہے تو مریض کس طرح صحت یاب ہوں گے۔
مریضوں کے ساتھ آئے تیمارداروں نے پانی کے درمیان کھڑے ہو کر شب گزاری اور صبح ہونے کا انتظار کیا۔ لیکن صبح ہونے کے بعد بھی پانی کو اسپتال کے وارڈ سے باہر نہیں کیا گیا۔ اسپتال کی یہ حالت دیکھ کر کئی سوال کھڑے ہو رہے ہیں اور وزیز اعلیٰ نتیش کمار کی ’بہتر حکمرانی ‘ کی بھی اس سے پول کھل گئی ہے۔
بہار میں لگاتار ہو رہی بارش کے مناظر (یو این آئی)
ادھر، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کی گلی میں ان کی رہائش کے قریب بھی پانی بھر گیا ہے اور گھر میں داخل ہونے کے لئے انہیں گھٹنوں گھٹنوں پانی میں اترنا پڑ گیا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی طرف سے ٹوئٹ کی گئیں تصاویر میں سشیل مودی کو پانی سے بھر گلی کے سرے پر کھڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری تصویر میں انہیں پانی میں چلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ بھر میں گزشتہ تین دنوں سے رک رک کر بارش ہو رہی ہے۔ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک مزید بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jul 2018, 3:15 PM