دہلی میں بارش نے توڑا 2009 کا ریکارڈ، سڑکیں ندی میں تبدیل
آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح 8.30 بجے تک 24 گھنٹوں کے دوران لودھی روڈ آبزرویٹری میں 149.0 ایم ایم بارش درج کی گئی، جب کہ دہلی رینج پر تقریباً 149.2 ایم ایم بارش کا اندراج ہوا۔
دہلی میں 2009 کے بعد سے اس سال ایک مہینے میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے، جس کے سبب قومی راجدھانی میں آبی جماؤ اور ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ جانکاری ہندوستانی محکمہ موسمیات سائنس (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کے روز دی۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ 10 اگست 2010 کو 110 ایم ایم بارش ہوئی تھی جو کہ اب تک کی سب سے زیادہ تیز بارش تھی، لیکن ہفتہ کی صبح 8.30 بجے تک 24 گھنٹوں کے دوران لودھی روڈ آبزرویٹری میں 149.0 ایم ایم بارش درج کی گئی، جب کہ دہلی ریج پر تقریباً 149.2 ایم ایم بارش کا اندراج ہوا۔ ساتھ ہی آئی ایم ڈی نے بتایا کہ صفدر جنگ ہوائی اڈے نے ہفتہ کو اس مانسون سیزن کی ایک دن کی سب سے زیادہ بارش 138.8 ایم ایم درج کی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی-این سی آر کے بیشتر مقامات (بہادر گڑھ، فرید آباد، بلبھ گڑھ، لونی دیہات، ہنڈن اے ایف اسٹیشن غازی آباد، اندرا پورم، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، کیتھل اور کرنال کے آس پاس) پر ہلکی سے درمیانی رفتار کے ساتھ ہفتہ کی صبح گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔ کئی رہائشی علاقوں اور کئی سڑکوں و جنکشنوں پر پانی بھر گیا ہے جس سے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔
دہلی ٹریفک پولیس لوگوں کو حالات کے بارے میں ٹوئٹر پر لگاتار جانکاری دے رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ’’ایم بی روڈ، خان پور ٹی پوائنٹ سے ہمدرد نگر ریڈ لائٹ ٹریفک، مہرم نگر انڈر پاس، راجوکری انڈر پاس، راج گھاٹ کے دونوں راستے میں آبی جماؤ کی وجہ سے ٹریفک نظام متاثر ہے۔‘‘ مزید جانکاری دیتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ دوارکا انڈر پاس اور بجواسن فلائی اوور، راجدھانی پارک میٹرو اسٹیشن سے منڈکا اور نانگلوئی سے نجف گڑھ روڈ پر پانی کی ٹنکی کے پاس آبی جماؤ کی حالت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔