ریلوے کا 12 مئی سے ٹرین چلانے کا اعلان، عام مسافروں کے لئے پیر کی شام 4 بجے سے بکنگ شروع
انڈین ریلوے نے کہا ہے کہ ہم مسافر ٹرین خدمات مرحلہ وار 12 مئی سے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ابتدائی طور پر 15 ٹرینیں (اپ اینڈ ڈاؤن 30 ٹرینیں) چلائی جائیں گی
نئی دہلی: ملک میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ ہے اس سے پہلے ہی انڈین ریلوے نے بڑا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ریل 12 مئی سے کچھ مسافر ٹرینیں چلانے پر غور کر رہا ہے۔ ریلوے کی جانب سے 12 مئی سے 15 ٹرینیں شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ تاہم، یہ ٹرینیں عام مسافروں کے لئے نہیں چلیں گی۔ حکومت کے ذریعہ نشان زد کئے گئے ضرورت مند افراد ہی ان میں سفر کرسکیں گے۔ انڈین ریلوے نے کہا ہے کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ مسافر ٹرین خدمات مرحلہ وار 12 مئی سے شروع کی جائیں۔ ابتدائی طور پر 15 ٹرینیں (30 ٹرینیں اپ اینڈ ڈاؤن ٹرینیں) چلائی جائیں گی۔
وہیں ریلوے نے عام مسافروں کے لئے بھی اہم اعلان کیا ہے۔ پیر کی شام 4 بجے سے عام مسافروں کے لئے آن لائن بکنگ شروع کر دی جائے گی۔ ریلوے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ ٹرینیں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے چلیں گی۔ بکنگ کا عمل 11 مئی کی شام 4 بجے سے شروع ہوگا اور مسافر اپنے سفر کے لئے صرف آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ کے ذریعے ریزرویشن کرا سکتے ہیں۔ اس اثنا میں اسٹیشنوں پر ٹکٹ کی بکنگ ونڈو بند رہے گی، اس کے علاوہ پلیٹ فارم ٹکٹ سمیت کوئی کاؤنٹر ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
ریلوے نے اس کے علاوہ کچھ ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ ریلوے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ روانگی کے مقام پر ماسک پہننا اور صحت سے متعلق چیک اپ کرانا لازمی ہوگا۔ صرف ان لوگوں کو ہی ٹرین پر سوار ہونے کی اجازت ہوگی جن میں وائرس کے انفیکشن کی کوئی علامت نظر نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 22 مارچ سے ریل ٹریفک تعطل کا شکار ہے۔ اب 50 دن بعد 12 مئی سے ٹرینیں 15 روٹ سے چلنا شروع ہوں گی۔ فی الحال دہلی سے 15 بڑے شہروں تک ٹرین کی نقل و حرکت ہوگی۔ جن شہروں کے لئے ٹرینیں چل سکتی ہیں ان میں اگارتلا، ہاوڑہ، پٹنہ، بلاس پور، رانچی، بھوونیشور، سکندرآباد، بنگلورو، چنئی، ترواننت پورم، مڈگاؤں، ممبئی سنٹرل، احمدآباد اور جموں شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔