ریلوے نے ’بھگوان ہنومان‘ کو بھیجا نوٹس، 10 دنوں میں اپنا مندر نہیں ہٹایا تو ہوگی قانونی کارروائی!

ریلوے نے جھارکھنڈ کے دھنباد شہر میں ایک مندر کو تجاوزات قرار دیتے ہوئے بھگوان ہنومان کو نوٹس بھیجا ہے، نوٹس میں بھگوان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دنوں کے اندر مندر ہٹا لیں اور زمین ریلوے کے حوالے کریں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ریلوے نے جھارکھنڈ کے دھنباد شہر میں ایک مندر کو تجاوزات قرار دیتے ہوئے بھگوان ہنومان کو نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس میں بھگوان ہنومان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دنوں کے اندر مندر ہٹا لیں اور خالی کی گئی زمین ریلوے کے سیکشن انجینئر کو سونپ دیں۔

یہ نوٹس شہر کے بے کار باندھ کے پاس واقع مندر کی دیوار پر چپکایا گیا ہے۔ یہ مندر سالوں قدیم ہے۔ اس میں براہ راست ہنومان جی کو خطاب کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ آپ کے ذریعہ ریلوے کی زمین پر ناجائز طریقے سے قبضہ کیا گیا ہے۔ یہ قانوناً جرم ہے۔ 10 دنوں میں یہ جگہ خالی نہ کیے جانے پر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس کے آخری لائن میں ہدایت دی گئی ہے کہ اسے انتہائی ضروری سمجھیں۔ ریلوے کے اس نوٹس پر مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ ریلوے نے مندر کے پاس واقع کھٹک بستی میں مقیم تقریباً پانچ درجن لوگوں کو تجاوزات کے خلاف نوٹس بھیجا ہے۔ اسی دوران ہنومان مندر کو بھی تجاوزات قرار دیا گیا ہے۔ تجاوزات ہٹانے کا نوٹس وصول کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ 1921 سے یہاں مقیم ہیں۔ پھل، مچھلی، سبزی سمیت دیگر چھوٹے چھوٹے کاروبار کر اپنی زندگی گزارتے ہیں۔ ریلوے کی ٹیم نے محلے میں سبھی گھروں کو ناجائز قبضہ بتا کر خالی کرنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے۔ اس معاملے میں پیر اور منگل کو مندر کے پاس بڑی تعداد میں لوگ اکٹھا ہو گئے اور ریلوے کے نوٹس پر احتجاج بھی درج کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔