کہرے سے ریل خدمات متاثر، تاخیر سے چل رہی ہیں 20 ٹرینیں، مسافروں کو شیڈول سے باخبر رہنے کی ہدایت
شانِ پنجاب ٹرین کو امرتسر اور لدھیانہ کے درمیان رد کر دیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ریلوے کے ذریعہ کئی اور ٹرینوں کو منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
اس وقت ملک کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ نے دستک دے دی ہے۔ ساتھ ہی لوگوں کو کہرے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کا اثر آمد و رفت پر بھی پڑا ہے، جس میں خاص طور پر ٹرین خدمات شامل ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں سے راجدھانی کی طرف آنے والی تقریباً 20 ٹرینیں اس وقت تاخیر سے چل رہی ہیں۔ عام طور پر کہرے کا اثر ٹرین کی ٹائمنگ پر 15 دسمبر سے 15 فروری تک دیکھنے کو ملتا ہے لیکن اس بار پہلے سے ہی یہ حالت پیدا ہو گئی ہے۔
شمالی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کے مطابق دہلی اور اس کے قریبی علاقوں میں کہرے کا اثر نہ ہونے کے باوجود دیگر علاقوں میں شدید کہرا چھایا ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔
تاخیر سے چلنے والی ٹرینوں میں کاشی وشوناتھ ایکسپریس (241 منٹ)، شرم جیوی ایکسپریس (214 منٹ)، کالندی ایکسپریس (179 منٹ)، اودھ آسام ایکسپریس (139 منٹ)، ہوشیار پور-دہلی (122 منٹ)، پوروا ایکسپریس (92 منٹ)، شانِ پنجاب (68 منٹ)، وکرم شیلا ایکسپریس (54 منٹ)، یوگ نگری ایکسپریس (45 منٹ) شری شکتی ایکسپریس (41 منٹ) شامل ہیں۔
دیگر ٹرینیں جیسے پریاگ راج ایکسپریس، ریوا ایکسپریس، سلطان پور آنند وِہار ایکسپریس، سُہل دیو ایکسپریس بھی 30 سے 150 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ کہرے کی وجہ سے شانِ پنجاب ٹرین کو امرتسر اور لدھیانہ کے درمیان رد کر دیا گیا ہے۔ وہیں ریل مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے ٹرین کا شیڈول ضرور دیکھ لیں تاکہ کسی طرح کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
کہرے کا اثر بڑھنے سے آنے والے دنوں میں ٹرین خدمات مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ ریلوے اس دوران کئی اور ٹرینوں کو منسوخ کر سکتا ہے۔ مسافروں کو تازہ جانکاری کے لیے ریلوے کی سرکاری ویب سائٹ اور ایپس کا استعمال کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔