چھاپہ ماری اظہار رائے کی آزادی پر منصوبہ بند حملہ: کانگریس

کانگریس نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ حکومت نے اپنی پالیسیوں کے خلاف خبر شائع کرنے پر ہندی روزنامہ کے متعدد دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کانگریس نے ہندی روزنامہ اور اتر پردیش کے ایک ٹی وی چینل کے دفاتر پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے چھاپہ ماری کے ذریعہ پریس کی گھیرابندی کررہی ہے۔

کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ بدقسمتی ہے کہ حکومت نے اپنی پالیسیوں کے خلاف خبر شائع کرنے پر ہندی روزنامہ کے متعدد دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اخبار نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران گنگا میں لاشوں کے تیرتے ہوئے جیسے بہت سارے معاملات پر مضامین لکھے تھے۔ یہ ایک ایسی اندوہناک عکاسی تھی کہ یہاں تک کہ غیر ملکی اخبارات جیسے نیو یارک ٹائمز نے بھی یہ خبر شائع کی تھی۔


انہوں نے کہا کہ اسی طرح کچھ دن پہلے اتر پردیش میں ایک چینل کے دفتر میں بھی انکم ٹیکس کے حوالے سے چھاپے مارے گئے تھے۔ یہ چینل بھی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھا رہا تھا اور اس کی آواز دبانے کے لئے اس کے دفاتر میں چھاپے ماری کی گئی ۔

ترجمان نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اس حکومت نے صحافت کی آزادی پر حملہ کیا ہو۔ جون 2017 میں ، ایک قومی ٹی وی چینل کے ٹھکانوں میں بھی اسی طرح کی چھاپے ماری کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ چھاپہ اظہار رائے کی آزادی پر منصوبہ بند حملہ تھا اور کانگریس اس کی سخت مذمت کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔