مودی کا نیا نعرہ ’نہ بولو نگا نہ بولنے دونگا‘:راہل
اس سے قبل راہل نے حافظ سعید معاملےپر بھی مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ’’ بات نہیں بنی پھر سے گلے لگنے کی ضرورت۔‘‘
کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’نہ کھاؤنگا نہ کھانے دونگا کی جگہ اب وزیر اعظم کا نیا نعرہ ہے ’نہ بولو نگا نہ بولنے دونگا ‘۔ اس پر عمل کرتے ہوئے اب انہوں نے پارلیمنٹ کے دروازے بند کر دئیے ہیں ۔ ہر سال نومبر ماہ میں ملک کو درپیش مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث ہوتی تھی لیکن اس مرتبہ پارلیمنٹ کے دروازہ گجرات انتخابات کے بعد کھولے جائیں گے کیونکہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں رفیل سودے اور جئے شاہ کی کمپنی پر بحث نہیں کرانا چاہتے‘‘۔ اس سے قبل راہل نے حافظ سعید معاملےپر بھی مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ’’ بات نہیں بنی پھر سے گلے لگنے کی ضرورت۔‘‘
راہل گاندھی نے ایک بات پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر ٹوئٹ کرکے طنز کیا ہے۔ کانگریس کے نائب صدر نے حافظ سعید کی پاکستان میں رہائی پر کہا ہے کہ ایک بار پھر گلے ملنے کی ضرورت ہے۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اپنےٹوئٹ میں حافظ سعید کی رہائی اور لشکر طیبہ کو پاکستانی فوج کی فنڈنگ پر امریکہ سے پاکستان کو کلین چٹ ملنے پر طنز کیا ہے۔ ان دونوں معاملات پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی نواز شریف سے ملاقات اور ٹرمپ سے گلنے ملنے پر بھی طنز کیا ہے۔
کانگریس کے نائب صدر نے مودی حکومت کو کئی مدوں پر نشانہ بناتے ہوئے لکھا ’’ نریندر بھائی بات نہیں بنی، دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ آزاد ہو گیا ، صدر ٹرمپ نے لشکر فنڈنگ معاملہ میں پاکستانی فوج کو کلین چٹ دے دی۔ گلے ملنے کی حکمت عملی کام نہیں آئی۔ جلد ہی دوبارہ گلے ملنے کی ضرورت ہے۔‘‘
پاکستانی عدالت کے حکم پر جمعہ کو ہی ممبئی حملہ کے ماسٹر مائنڈ اور دہشت گرد حافظ سعید کو جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ ہندوستان سمیت کئی ممالک نے اس پر احتجاج درج کرایا ہے۔ امریکہ نے بھی پاکستان سے کہا ہے کہ حافظ سعید کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
جمعہ کو جیل سے رہا ہونے کے ساتھ ہی حافظ سعید نے کہا تھا کہ ہندوستان کے اکسانے پر ہی اسے امریکی دباؤ میں حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ حال ہی میں امریکہ نےپاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی مالی امداد بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں لشکر طیبہ کو پاک فوج سے فنڈنگ ملنے کے معاملہ میں بھی کلین چٹ دی ہے۔
انہیں سب مدوں پر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوستی پر طنز کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کا گرم جوشی سے گلے ملنا شہ سرخیوں میں بھی رہا ہے۔ گلے ملنے کو راہل نے ’ہگ پلومیسی ‘ کا نام دیا ہے۔ ساتھ ہی راہل نے یہ بھی لکھا کہ اتنا گلے ملنے کے بعد بھی بات نہیں بن پائی ، مزید گلے ملنے کی ضرورت ہے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Nov 2017, 2:28 PM