پلوامہ کے شہیدوں کو اچانک خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے راہل-پرینکا

پلوامہ حملے میں شہید ہوئے پردیپ اور امت کو اچانک خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے سبھی کو حیران کر دیا، دونوں نے شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر / @INCIndia
user

آس محمد کیف

کانگریس صدر راہل گاندھی نے بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ بدھ کو شاملی پہنچ کر شہید پردیپ اور امت کوری کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ اس دوران ان کے ہمراہ مغربی یوپی کے کانگریس انچارج جیوترادتیہ سندھیا اور اتر پردیش کانگریس کے صدر راج ببر بھی موجود رہے۔

راہل گاندھی کی قیادت والی کانگریس کی نئی ٹیم کی رکن پرینکا، جیوترادتیہ سندھیا اور ریاستی صدر راج ببر سڑک کےذریعہ شاملی پہنچے۔ ان کے اس دورے کی کسی کو کوئی خبر نہیں تھی، اس کا انکشاف تب ہوا جب انہوں نے کیرانہ میں شیوم شکتی ڈھابہ پر رک کر چائے پی۔

کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت تمام رہنما خراب موسم کے دوران ہلکی بوندا باندی میں سڑک کے راستہ دوپہر کے وقت شاملی پہنچے، اچانک راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو اپنے درمیان پاکر شہیدوں کے اہل خانہ جذباتی ہو گئے۔

کانگریس کے ایک لیڈر نے کہا ’’کانگریس کے لیڈروں نے ڈھابہ پر موجود لوگوں سے بات چیت کر کے علاقے کے مسائل کا جائزہ لیا وہیں پرینکا کچھ بچوں سے بات کرنے میں مشغول ہوگئیں۔‘‘

دہلی سے تقریباً 120 کلومیٹر دور شاملی میں کانگریس لیڈر نے پلوامہ میں شہید سی آر پی ایف جوان امت کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کو دلاسہ دیا۔ کانگریس لیڈر کے مطابق پرینکا گاندھی اور دوسرے لیڈر جلد ہی پلوامہ حملے میں شہید جوانوں کے آبائی گاؤں جاکر اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔ پلوامہ میں شہید 42 جوانوں میں سے 12 اترپردیش کے رہنے والے تھے۔

اس دوران راہل گاندھی نے شہیدوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی شہادت پر فخر ظاہر کیا۔ اس سے قبل انہوں نے شہیدوں کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔

رگھوناتھ مندر میں منعقد تعزیتی نشست میں پرینکا گاندھی نے پلوامہ میں شہید ہونے والے پردیپ اور امت کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے جان دینے والے سپوتوں پر ہمیں فخر ہے۔

شہید امت کوری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد راہل اور پرینکا گاؤں کے دوسرے شہید پردیپ کے گھر بھی پہنچے۔ یہاں پرینکا گاندھی نے شہید پردیپ کی بیٹی کو اپنے سینے سے لگالیا۔

کانگریس صدر راہل گاندھی کے دورے کے بارے میں کسی کو خبر نہیں دی گئی تھی، یہاں تک کہ مقامی رہنماؤں کو بھی اس کی معلومات بعد میں ہوئی۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پنکج ملک خبر ملنے کے بعد سب سے پہلے موقع پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل اور پرینکا شہیدوں کے اہل خانہ سے مل کر کئی مرتبہ جذباتی ہوئے اور ان کی ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا۔

غور طلب ہے کہ جمعرات کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے شاملی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ تاحال بی جے پی کا کوئی بڑا رہنما یہاں نہیں پہنچا ہے۔ اس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں ناراضگی بھی پائی جا رہی ہے۔ منگل کے روز میرٹھ میں بی جے پی رہنما اور مرکزی وزیر ستپال سنگھ سمیت کئی رہنماؤں کو سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہاں وزیر مملکت سدھارتھ ناتھ سنگھ جوتے پہن کر آخری رسومات کے مقام پر پہنچ گئے تھے جس کی وجہ لوگوں کا غصہ بھڑک اٹھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Feb 2019, 6:09 PM