یوگی حکومت معصوموں کی قاتل:راہل

تصویر ٹویٹر
تصویر ٹویٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی :گورکھپور کے بی آر ڈی کالج میں معصوم بچوں کی موت کے بعد ہفتہ کو کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نےمتاثرہ خاندان کے افراد سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد راہل نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ گورنمنٹ میڈ ٹر یجڈی ہے‘‘ یعنی اس سانحہ کے لئے حکومت ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ پہلے اس اسپتال میں آئے تھے تب انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی تھی کہ اس اسپتال میں بہت سی کمیاں ہیں اور اسپتال کو پیسوں کی ضرورت ہےلیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ا نکی اس اپیل کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے کتنے معصوموں کی جان چلی گئی۔ راہل نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ بچوں کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے واقع ہوئی ۔ راہل نے کہا کہ یہ بات بالکل صاف ہے کہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے سانحہ ہوا لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ وزیر اعلی یوگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ اس معاملے میں ’کور اپ ‘کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہئےبلکہ ایکشن ہونا چاہئے یہی میرا پیغام ہے‘‘۔راہل نے کہا یہ محض یوپی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ قومی سانحہ ہے اورآج ہندوستان کا جو طبی نظام ہے اور جو اس کی حالت ہے یہ اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نیو انڈیا کی بات کرتے ہیں ، ایسا نیو انڈیا ہمیں نہیں چاہئے بلکہ ہمیں ایسا انڈیا چاہئے جس میں اسپتال چلیں اور غریب لوگ اپنے بچوں کو اسپتال میں لے جائیں تو وہاں سے وہ خوشی خوشی لوٹیں۔ اس موقع پر پریس کی تعریف کرتے ہوئے کہا پریس نے پہلی بار یہ مسئلہ زور شور سے اٹھایا ہے اس لئے میڈیا کا بھی شکریہ۔

راہل کے ساتھ گئے کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی اس حلقہ سے پانچ مرتبہ پارلیمنٹ میں نمائندگی کر چکے ہیں اس کے باوجود انہوں نے اسپتال کے لئے کچھ نہیں کیا۔ راہل باگ گھاٹا گائوں گئے جہاں انہوں نے برہم دیو یادو سے ملاقات کی۔ واضح رہے اس سانحہ میں برہم دیو یادو نے اپنے دو معصوموں کو کھویا ہے۔ یہ دونوں معصوم برہم یادو کے جڑواں بچے تھے۔ برہم یادو نے راہل کو بتایا کہ علاج والی رات اسپتال میں آکسیجن کا لیول بہت نیچے چلا گیا تھا جس کی وجہ سے بار بار گیس بند ہو رہی تھی ۔ برہم یادو نے بتایا کہ اس کی شکایت کرنے پر بھی ڈاکٹروں نے اس پر غور نہیں کیا اور ان کے ساتھ بد تمیزی بھی کی۔ بعد میں انہیں دونوں بچوں کی لاشوں کے ساتھ گھر واپس آنا پڑا۔ اس موقع پر تین اور متاثر خاندان راہل سے ملنے آئے اور راہل گاندھی نے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اس موقع پر راہل نے کہا کہ موجودہ حکومت غریبوں کا ساتھ نہیں دے رہی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔