راہل گاندھی کی یاترا الور سے شروع، بڑی تعداد میں عوام نے کیا استقبال
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا دوسرے دن منگل کو صبح 6.30 بجے کٹی ویلی سے شروع ہوئی، اس دوران سڑک کے دونوں اطراف لوگوں کا ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا
الور: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا دوسرے دن منگل کو صبح 6.30 بجے کٹی ویلی سے شروع ہوئی۔ اس دوران سڑک کے دونوں اطراف لوگوں کا ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا اور لوگ ان سے ملنے کے لئے سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر ان کے آنے کا انتظار کرتے نظر آئے۔ اس کے بعد راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا بھوانی توپ چوک سے چل کر موتی ڈونگری میں کابینہ وزیر ٹیکارام جولی کے دفتر پہنچی۔ جہاں جولی اور ان کے خاندان سمیت کانگریس کے تمام کارکنوں اور عہدیداروں نے راہل گاندھی کا استقبال کیا۔
بعدازاں راہل گاندھی کی یاترا موتی ڈونگری پہنچی جہاں راہل گاندھی نے مارشل آرٹ کے بچوں کو اسٹیج سے نیچے بلایا اور ان سے ملاقات کی۔ مارشل آرٹ کے بچوں نے راہل گاندھی کو اپنے کرتب دکھائے جس سے وہ بچوں کے کرتب دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ اس کے بعد سابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے انہیں الور کا قلاقند کھلایا۔ موتی ڈونگری سے یاترا شروع ہوئی اور ایس ایم ڈی سرکل ہوتے ہوئے ننگلی سرکل پاور اسٹیشن سرکل، بھگت سنگھ کے راستے نمن ہوٹل سے ہنومان چوک پر پہنچی جہاں پر پیدل یاترا کا اختتام ہوا۔ اس کے بعد کار میں بیٹھ کر راہل گاندھی لوہیا کے تبارا کے قریب مودی گڑھ پہنچے جہاں انہوں نے ناشتہ کیا۔
راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تحت حفاظتی انتظامات کے پیش نظر پولس انتظامیہ کی جانب سے بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی اور سیکورٹی پوری طرح چاک وچوبند تھی۔ جیسے ہی راہل گاندھی شہر سے نکلے لوگ اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر ان کی تصاویر اور ویڈیو لینے لگے، وہیں جس جگہ سے راہل گاندھی کی یاترا نکل رہی تھی اس جگہ موجود گھروں کی چھتوں پر سیکورٹی کے پیش نظر پولس اہلکار تعینات کیے گئے۔ شہر میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا نظارہ قابل دید تھا، لوگ ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے۔
راہل گاندھی کی یاترا کے دوران وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، کابینہ وزیر ٹیکارام جولی اور سابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ سمیت کئی رہنما سفر میں ان کے ساتھ چلتے ہوئے نظر آئے۔ راہل گاندھی کی یاترا کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا گیا اور مختلف چوراہوں پر بچوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ جیسے ہی راہل گاندھی کی یاترا شہر سے نکلی، ہر طرف سڑکیں جام ہوگئیں۔ جس کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں نے جام کھول کر ٹریفک کا نظام ٹھیک کیا۔ مودی گڑھ میں ناشتہ کرنے کے بعد راہل گاندھی کی یاترا رام گڑھ پہنچے گی اور رام گڑھ سے نوگاوا تک راہل گاندھی پیدل سفر کریں گے، اس کے بعد رات کا آرام نوگاوا کے زرعی کالج میں ہوگا، جس کے بعد راہل گاندھی کی یاترا بدھ کی صبح ہریانہ کی سرحد میں داخل ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔