راہل گاندھی کا راجستھان دورہ آج سے شروع
راہل گاندھی آج سے اپنا راجستھان کا دو روزہ دورہ شروع کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ کئی مقامات پر زرعی قوانین کے خلاف جلسہ سے خطاب کریں
نئی دہلی: زرعی قوانین کے مسئلہ پر سڑکوں سے لے کر ملک کی پارلیمنٹ تک جدوجہد جاری ہے۔ گزشتہ روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لوک سبھا میں اس معاملہ پر اپنا موقف پیش کیا۔ راہل گاندھی جس وقت لوک سبھا میں تقریر کر رہے تھے تو حزب اقتدار کی جانب سے کافی ہنگامہ کیا گیا۔
راہل گاندھی آج سے اپنا راجستھان کا دورہ بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ زرعی قوانین پر کئی عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے اور تحریک کی حمایت میں کسانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
راہل گاندھی کا راجستھان کا دورہ دو دن تک چلے گا۔ یہاں وہ زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ میں شرکت کریں گے۔ جمعہ کے روز راہل گاندھی شری گنگانگر اور ہنومان گڑھ میں ہوں گے جبکہ ہفتہ کے روز وہ ایک ٹریکٹر ریلی میں شرکت کریں گے۔ گزشتہ روز راہل گاندھی نے زرعی قوانین پر اپنی تقریر کی تھی اور بجٹ کے تعلق سے کچھ بھی بولنے سے انکار کر دیا تھا۔
راہل گاندھی نے دہلی میں صبح 9 بجے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان چین کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی سرزمین چین کو سونپ دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ ہندوستان کی چین کے ساتھ مفاہمت ہو گئی ہے اور دونوں ممالک کی افواج تنازعہ کے مقام پینگونگ جھیل سے اپنے قدم پیچھے ہٹانے کو رضامند ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Feb 2021, 8:35 AM