راہل گاندھی کے خیالات مثبت اور قابل عمل: شیو سینا
سامنا نے اپنے اداریہ میں لکھا کہ راہل گاندھی کے ان خیالات کو میڈیا اور سماج کو ملک بھر میں پھیلانا چاہیے۔ نیز اگر مرکزی حکومت راہل گاندھی کے ان خیالات کا احترام کرے گی تو اس سے ملک کا بھلا ہی ہو گا۔
ممبئی: ملک بھر میں کوویڈ -19 بیماری کے پسِ منظر میں حزبِ اختلاف جماعت کانگریس کے قائد راہل گاندھی کی جانب سے پیش کیے گئے خیالات اور نظریے کو مثبت، قابل عمل اور قابل تقلید قرار دیتے ہوئے شیو سینا نے اس "گاندھی وچار" کو ملک بھر میں پھیلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے یہ بتا دیا ہے کہ مصیبت کے وقت اپوزیشن کا کیسا کردار ہونا چاہیے اور اسے کس طرح اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
راہل گاندھی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لی گئی پرس کانفرنس میں موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا تھا۔ ان کے مطابق کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے صرف لاک ڈاؤن کافی نہیں ہے۔ جانچ رپورٹوں میں تیزی اور اضافہ کرنے اور حکومت کو مزید اختیارات اور مالی مدد بہم پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا نے اپنے اداریہ میں راہل گاندھی کے ان خیالات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ میڈیا اور سماج نے ان خیالات کو ملک بھر میں پھیلانا چاہیے۔ نیز اگر مرکزی حکومت راہل گاندھی کے ان خیالات کا احترام کرے گی تو اس سے ملک کا بھلا ہی ہو گا۔
اسی کے ساتھ اخبار نے اسی نکتہ کو لے کر مرکزی حکومت اور بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے طنزیہ لکھا کہ لیکن ایسا کرنا بہت سوں کے نزدیک ایک ' گناہ' ہو سکتا ہے۔ راہل گاندھی قومی اور بین الاقوامی سطح کے شعبہ طب اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین کےساتھ ربطہ میں ہیں، انھوں نے ان ماہرین سے صلاح ومشوروں کے بعد اپنی بات عوام اور حکومت کے سامنے رکھی ہے اور یہ ملک و قوم کے لیے فائدہ مند ہے۔
یہ باتیں حکومت کی جانب سے سامنے آنا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اس وقت کچھ لوگوں نے عقلمندی کا "ٹھیکا" لے رکھا ہے اور اس پر صرف اپنی اجاراداری سمجھ رہے ہیں، ان کے لیے ہو سکتا ہے کہ انھیں راہل گاندھی کیا کہہ رہے ہیں اس پر توجہ دینے سے احساس کمتری کا احساس محسوس ہو رہا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Apr 2020, 5:40 PM