نوادہ میں دلتوں کے گھر جلانے پر راہل گاندھی کا شدید ردعمل، کہا- ’دبے کچلے طبقے کے خلاف ظلم کی خوفناک تصویر‘

راہل گاندھی نے نوادہ میں دلتوں کے گھروں کو جلانے کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی اور وزیر اعظم پر تنقید کی اور کہا کہ ان کی خاموشی اس سازش کی تائید ہے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار کے نوادہ ضلع میں گزشتہ روز پیش آئے مہادلتوں کے گھروں کو جلانے کے واقعے پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے حکومت پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مہادلت برادری کے پورے گاؤں کو جلانے اور 80 سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کرنے کا یہ واقعہ بہار میں دبے کچلے طبقے کے خلاف ظلم کی ایک خوفناک تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وحشیانہ کارروائی کے بعد بھی بہار کی حکومت اور ریاستی پولیس خاموش ہیں، جو اس بدترین واقعے کی سنگینی کو نظرانداز کر رہی ہیں۔

راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی حکومتوں کے سائے میں اس طرح کے افراتفری پھیلانے والے عناصر کو پشت پناہی ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ڈرا کر ان کے آئینی حقوق مانگنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی اس سازش کی تائید ہے۔


راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’نوادہ میں مہادلتوں کا پورا گاؤں جلا دینا اور 80 سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کر دینا، بہار میں پسماندہ طبقات کے خلاف ایک خوفناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ ان دلت خاندانوں کی چیخ و پکار اور فائرنگ کی شدت کے باوجود، محروم طبقات میں پھیلا ہوا خوف اور دہشت بھی بہار کی سوئی ہوئی حکومت کو بیدار کرنے میں ناکام رہا۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ’’بی جے پی اور این ڈی اے کے اتحادیوں کے زیر قیادت ایسے بدامنی پھیلانے والے عناصر کو پناہ ملتی ہے، جو بھارت کے پسماندہ طبقات کو خوفزدہ اور دبانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے سماجی اور آئینی حقوق کا مطالبہ نہ کر سکیں۔ وزیر اعظم کی خاموشی اس بڑی سازش پر منظوری کی مہر کے مترادف ہے۔‘‘

انہوں نے بہار حکومت اور ریاستی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ہولناک جرم کے تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں اور متاثرہ خاندانوں کا مکمل طور پر ازسرنو آبادکاری کا انتظام کیا جائے تاکہ انہیں انصاف فراہم کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ نوادہ میں گزشتہ روز زمین کے تنازعے پر دلت برادری کے گھروں کو جلا دیا گیا، جس میں درجنوں خاندان بے گھر ہوگئے۔ اس کے بعد مہادلت برادری کے لوگ احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور یہ معاملہ قومی سطح پر بحث کا موضوع بن چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔