پہلے مرحلہ کی پولنگ کے درمیان راہل گاندھی کا پیغام ’ملک کو ہر ڈر سے آزاد کرو، باہر آؤ ووٹ کرو‘
یوپی اسمبلی انتخابات کے تحت پہلے مرحلہ کی پولنگ شروع ہونے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے عوام سے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ملک کو ہر ڈر سے آزاد کرنے کی اپیل کی ہے
نئی دہلی: یوپی اسمبلی انتخابات کے تحت پہلے مرحلہ کی پولنگ شروع ہو چکی ہے۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے عوام سے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہر ڈر کو دور کرنے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ملک کو ہر ڈر سے آزاد کرو، باہر آؤ ووٹ کرو!‘‘
دریں اثنا، کانگریس کی جنرل سکریٹری اور پارٹی کی یوپی انچارج پرینکا گاندھی نے بھی عوام سے اپنے مسائل پر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’مغربی یوپی کے میرے پیارے بہنوں بھائیوں، ووٹ کی طاقت کا استعمال اپنے مسائل اور ریاست کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے کریں۔ یوپی کانگریس کے میرے تمام ساتھیوں، کارکنان اور امیدواروں کو مبارک باد۔ آپ کو فخر ہونا چاہئے کہ 30 سال بعد ہم تمام سیٹوں پر اپنی طاقت سے لڑ رہے ہیں۔‘‘
خیال رہے کہ یوپی اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ اس مرحلے میں شاملی، مظفر نگر، میرٹھ، باغپت، غازی آباد، ہاپوڑ، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ، متھرا اور آگرہ کے 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
قبل ازیں، چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر مرکزی نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیکورٹی انتظامات کے لیے سینٹرل نیم فوجی دستے کی 800 کمپنی اور پی اے سی کی 27 کمپنی تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 9464 انسپکٹر اور سب انسپکٹر، 59030 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل، 48136 ہوم گارڈز، 505 پی آر ڈی جوان اور 6061 چوکیدار الیکشن ڈیوٹی پر لگائے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں جن سیٹوں پر انتخابات ہو رہے ہیں ان میں کیرانہ، تھانہ بھون، شاملی، بڑھانہ، چھرتاول،پرکاجی، مظفر نگر، کھتولی، میرا پور، سوال خاص، سردھنا، ہستنا پور، کٹھور، میرتھ کینٹ، میرٹھ، میرتھ جنوب، چھپرولی، بروت، باغپت، لونی، مرادنگر، صاحب آباد، غازی آباد، مودی نگر، دولانا، ہاپوڑ، گڑھ مکتیشور، نوئیڈا، دادری، جیور،سکندرآباد،بلندشہر، سیانہ، انوپ شہر، دبائی، شکارپور،کھرجا، برولی، اترولی، چھرا، کوئیل، علی گرھ، اگلاس، چھاتہ، منت، گوردھن،متھرا، بلدیو، اعتماد پور، آگرہ کینٹ، آگرہ ساوتھ، آگرہ نارتھ، آگرہ دیہات، فتح پور سیکری، فتح آباد، کھیرا گڑھ اور باہ شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Feb 2022, 9:10 AM