راہل گاندھی کی عام لوگوں سے وہ ملاقاتیں، جنہوں نے ان کی مقبولیت کو آسمان پر پہنچا دیا...ویڈیو

راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے علاوہ زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ عام لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں، اسے ان کی ’توسیعی بھارت جوڑو یاترا‘ کہا گیا۔ ان کے سبب عوام کے دل میں راہل کے لئے خاص مقام پیدا کیا

user

عمران خان

لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج نے ہندوستان کی سیاست کا رخ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ نریندر مودی وزیر اعظم ضرور بن رہے ہیں لیکن بی جے پی اپنے دم پر اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ وزیر اعظم مودی سمیت بی جے پی کی جانب سے چلائی گئی منفی تشہیر اور تقسیم کاری کے باوجود ’انڈیا‘ اتحاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انڈیا اتحاد کے لئے یوں تو تمام جماعتیں اور لیڈران خوب محنت کر رہے تھے لیکن راہل گاندھی نے جس انداز میں تشہیر کاری کی اس نے عوام کے دلوں پر سب سے زیادہ اثر کیا۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس کے دوران راہل گاندھی کی کاوشوں کی تعریف کی گئی اور اس بنا پر انہیں قائد حزب اختلاف بنانے کے لئے قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ اجلاس کے دوران راہل گاندھی کی طرف سے چلائی گئی تشہیر کاری کے ساتھ ساتھ ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا بھی ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ ان دونوں یاتراؤں نے پارٹی کو بہت فائدہ پہنچایا۔

راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے علاوہ زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ عام لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اسے راہل گاندھی کی ’توسیعی بھارت جوڑو یاترا‘ بھی کہا گیا۔ اس کے تحت راہل گاندھی نے آزاد پور منڈی میں پہنچے ایک روتے ہوئے کسان ’رامیشور‘ سے ملاقات کی۔ پھر خود آزاد پور منڈی گئے اور وہاں کے کاروباریوں سے گفتگو کر کے ان کے مسائل جانے۔ دہلی کے مکھرجی نگر میں سول سروسز کی تیاری کر رہے طلباء سے ملاقات کی، ریلوے اسٹیشن پر سامان ڈھونے والے قلیوں سے ملاقات کی اور خود بھی سامان ڈھویا، ٹرک میں بیٹھ کر سفر کیا اور ڈرائیوروں کے مسائل پر بات کی، کسانوں سے ملے اور دھان کی بوائی بھی کرائی اور پھر ان کسانوں کو اپنے گھر پر مدعو بھی کیا۔ راہل گاندھی راجستھان کے ایک گرلز کالج بھی پہنچے اور بعد میں ایک طالبہ کی اسکوٹی پر سواری کرتے ہوئے بات کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ راہل گاندھی نے لداخ میں موٹر سائیکل چلائی اور وہاں سے اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے تعلقات پر روشنی ڈالی۔ اور تو اور انتخابات کے دوران رائے بریلی میں انہوں نے ایک نائی کی دکان پر حجامت بنوائی اور اپنی پارٹی کی ضمانتوں سے آگاہ کرایا۔


ان تمام ملاقاتوں نے راہل گاندھی کی ایک ایسی شبیہ بنائی جو ایک لیڈر کی نہیں تھی بلکہ ایک دوست، ایک بھائی، ایک بیٹے کی شبیہ تھی۔ ان میں سے کئی لوگ تو ایسے تھے جنہوں نے ویڈیو جاری کر کے اپیل کی تھی کہ راہل گاندھی ان سے بھی ملاقات کرنے آئیں اور راہل پہنچ بھی گئے۔ راہل گاندھی جب امریکہ کے دورے پر گئے تو وہاں بھی ایک ہندوستانی نژاد ڈرائیور کے ساتھ اس کے ٹرک میں بیٹھ گئے اور ہندوستان کے ٹرک کے سفر کے اپنے تجربہ کو بیان کیا۔

راہل گاندھی نے مذکورہ بالا جتنی بھی ملاقاتیں عام لوگوں سے کیں ان سبھی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں نے انہیں بہت پسند کیا۔ اس دوران راہل گاندھی بالکل عام آدمی کی طرح بات کرتے نظر آئے۔ نہ صرف ان کے مسائل کے بارے میں جانا بلکہ کئی لوگوں کی مدد بھی کی اور اپنے بارے میں بھی کئے گئے ہر سوال کا پیار سے جواب دیا۔ راہل گاندھی کی انہی کاوشوں کا نتیجہ تھا کہ تکبر سے پر نریندر مودی کی قیادت والی حکومت گھٹنوں پر آ گئی اور آج وہ ایسی مخلوط حکومت تشکیل دینے جا رہے ہیں جس کے مستقبل پر ابھی سے سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔


کانگریس صدر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر وائرل سبزی فروش رامیشور سے ملاقات کی۔ رامیشور کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی اور بیٹی نے بھی راہل گاندھی کے ساتھ ملاقات کی۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دہلی کے مکھرجی نگر علاقہ میں پہنچ کر یو پی ایس سی اور ایس ایس سی کی تیاری کرنے والے طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی سڑک کنارے ہی ان نوجوانوں کے ساتھ بیٹھ گئے۔ کافی دیر کی بات چیت میں طلبا نے راہل گاندھی کے ساتھ اپنے امتحان کی تیاری سے جڑے تجربات شیئر کئے۔


راہل گاندھی اچانک دہلی یونیورسٹی پہنچ گئے اور ڈی یو کے نارتھ کیمپس میں طلباء کے ساتھ لنچ کیا۔ اس دوران طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے وہ یونیورسٹی سے چلے گئے۔ تاہم ان کی آمد اور باہر نکلنے کے وقت یوتھ کانگریس کے کارکنان موجود تھے۔

راہل گاندھی نے کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں عارضی ورکروں اور ڈیلیوری پارٹنرز سے بات چیت کی۔ انہوں نے مختلف کمپنیوں کے عارضی ورکرز اور ڈیلیوری پارٹنرز کے مسائل سنے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کارکنوں کے ساتھ مسالہ ڈوسہ کھایا اور ناشتہ بھی کیا۔


کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دہلی سے چنڈی گڑھ تک کا سفر ٹرک پر سوار ہو کر طے کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈرائیوروں سے ان کے مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔ ویڈیو میں راہل گاندھی سفید ٹی شرٹ میں ملبوس، ٹرک پر چڑھتے اور سواری کرتے ہوئے نظر آئے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی امریکہ کے دورے پر گئے تو انہوں نے ٹرک پر سوار ہو کر واشنگٹن سے نیویارک تک کا 190 کلومیٹر کا سفر طے کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹرک ڈرائیور تلجندر گل سے بات کی اور اس بات چیت کا ویڈیو شیئر کیا۔  اس دوران راہل نے کہا، امریکہ کے ٹرک ہندوستان کے مقابلے زیادہ آرام دہ ہیں۔ یہ ڈرائیور کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے گئے ہیں۔ ہندوستان کے ٹرکوں میں ٹرک ڈرائیور کے آرام کا خیال نہیں رکھا جاتا۔


راہل گاندھی دہلی  کے قرول باغ میں  واقع موٹر سائیکل گیریج پہنچے جہاں انہوں نے  میکینکوں سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ بائیک کی مرمت کا تجربہ بھی کیا اور ان کا کام سیکھنے کی کوشش کی۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حال ہی میں ہریانہ کے ایک گاؤں کے کسانوں سے اچانک ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا تھا۔ راہل نے اسی وقت ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں اپنے گھر پر مدعو کریں گے اور پھر اپنا وعدہ پورا بھی کیا۔ خاتون اور مرد کسانوں پر مشتمل ایک گروپ راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچا اور کانگریس لیڈر کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوا۔


راہل گاندھی نے دہلی کی آزاد پور منڈی میں پہنچ کر سبزی اور پھل بیچنے والوں اور تاجروں سے ملاقات کر کے ان سے بات کی اور ان کے مسائل سنے۔ راہل گاندھی نے وہاں سبزیوں کے دام بھی معلوم کئے۔

ٹرک ڈرائیوروں، مکینکوں، کھیت مزدوروں وغیرہ سے ملاقات کر چکے راہل نے اب ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلیوں سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی نے آنند وہار آئی ایس بی ٹی، دہلی کا دورہ کیا اور قلیوں بات چیت کی۔ راہل گاندھی نے نہ صرف قلیوں کی طرح سرخ رنگ کی وردی زیب تن کی بلکہ انہی کی طرح سر پر سامان بھی اٹھایا!


راہل گاندھی نے بائک سے لداخ کا سفر کیا اور وہاں کے لوگوں سے ملے اور ان کی تکالیف کو بیان کیا۔ راہل گاندھی اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا یوم پیدائش منانے کی خاطر موٹر سائیکل پر سوار ہو کرپین گانگ جھیل پہنچے۔

 راہل گاندھی راجستھان کے ایک خاتون کالج ’مہارانی کالج‘ پہنچے اور ہونہار طالبات میں اسکوٹی تقسیم کیں اور پھر کالج کی ایک طالبہ کے ساتھ اسکوٹی پر مہارانی کالج سے مانسروور جلسہ گاہ تک کا سفر کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jun 2024, 3:40 PM