راہل گاندھی کا یوم پیدائش: ’یومِ خدمت‘ کے طور پر منا رہی کانگریس، ضرورت مندوں میں امدادی سامان کی تقسیم
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر دہلی کانگریس کی جانب سے ضروت مندگان میں راشن، میڈیکل کیٹ، ماسک اور سینیٹائیزر تقسیم کئے جا رہے ہیں
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج 51 سال کے ہو گئے۔ راہل گاندھی نے وبائی حالات کے پیش نظر اس سال سالگرہ نہیں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے یوم پیدائش کے موقع پر کسی طرح کی تقریب کا انعقاد نہ کریں۔ کوئی ہورڈنگ کا پوسٹر نہ لگائیں بلکہ اپنے پاس موجود وسائل کا استعمال ضرورت مندوں کی مدد کے لئے کریں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ریاستی کانگریس کمیٹیوں اور پارٹی کی مختلف تنظیموں کو مکتوب ارسال کر کے راہل گاندھی کی اس خواہش سے انہیں آگاہ کرایا۔ پارٹی نے ریاستی کمیٹیوں سے کہا ہے کہ راہل گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر ضرورت مندوں میں راشن، میڈیکل کٹ، ماسک اور سینیٹائزر کی تقسیم کریں۔ وہیں، یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ راہل گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر متاثرین کی امداد کی جائے گی، ضرورت مندوں کو راشن مہیا کرایا جائے گا اور عام لوگوں کو ٹیکہ لگوانے میں مدد کی جائے گی۔
این ایس یو آئی اور انڈین یوتھ کانگریس نے لوگوں کے لئے اپنے دفاتر میں مفت کووڈ ٹیکہ کاری مہم چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن نے کہا ’’ہمارے لیڈر راہل گاندھی کا فیصلہ ہے کہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے اور ٹیکہ لگوایا جائے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وبا کے دوران ٹیکہ کاری ہی لوگوں کی جانیں بچا سکتی ہے۔‘‘
این ایس یو آئی کے لوکیش چگھ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ان کے دفتر میں ٹیکہ کاری کیمپ لگے گا۔ این ایس یو آئی کے کارکنان لوگوں کو کووون ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرانے اور ان کی مفت ٹیکہ کاری میں مدد کریں گے۔ اسی طرح یوتھ کانگریس ملک بھر میں ان بزرگوں، یومیہ مزدوروں اور فرنٹ لائن ورکرس کے لئے ٹیکہ کاری مہم چلائے گی، جن کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے۔
اس موقع پر دہلی کانگریس کی طرف سے بھی ضرورت مندوں میں راشن اور دیگر سامان کی تقسیم کی جائے گی۔ ریاستی صدر انل کمار نے کہا، ’’دہلی حکومت 272 وارڈوں کے جن اسکولوں میں راشن کی تقسیم کا پروگرام چلا رہی ہے، وہاں جمع ہوئے لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے دہلی کانگریس کے بلاک سطح کے کارکنان موجود رہیں گے۔ پارٹی کارکنان کی جانب سے لوگوں کو ماسک، پانی اور کھانے کے پیکٹ فراہم کئے جائیں گے۔‘‘ انل کمار پارٹی کارکنان کے ہمراہ خود بھی لوگوں کی خدمت کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔